٭٭٭…… سکھر ……٭٭٭

265

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر کی مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی، تجارتی تنظیموں کے رہنمائوں، معززین شہر نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے پر سماجی رہنما سکھر ڈویلپمنٹ الائنس کے اور سکھر اسمال ٹریدرز کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن کو مبارکباد دیکر اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ سکھر شہر کی بہتری اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے خلوص نیت سے جدوجہد کرینگے۔ گزشتہ روز غلام مصطفی پھلپوٹو، مولانا عبیداللہ بھٹو، زبیر کریم، عتیق اللہ سومرو، محمد عمیر شیخ، سنیل کمار، سعید احمد شیخ، راشد صدیقی، اسلم شیخ و دیگر رہنمائوں نے ایس ڈی اے کے دفتر میں پہنچ کر حاجی جاوید میمن سے ملاقات کی، انہیں مبارکباد دی اور پھولوں کے ہا رپہناکر مٹھائی بھی کھلائی۔ اس موقع پر حاجی محمد جاوید میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان نے کرپشن، اقربا پروری، سفارشی کلچر سے پاک ایک نیا پاکستان بنانے کا جو منشور دیا ہے ہم اس سے متاثر ہوکر تحریک انصاف کا حصہ بنے ہیں، اس وقت ملک کو ایک ایسی قیادت کی ضرور ہے جو ملک کو موجودہ بحران سے نکالے اور اس کے دامن پر کرپشن کے داغ نہ ہو، ایسی شخصیت صرف اور صرف عمران خان کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی ملک و قوم اور شہر کی خدمت کی ہے اور اب بھی کرپٹ سیاستدانوں و افسران کیخلاف اعلان جہاد کرتے ہیں، ہماری جدوجہد اسی شہر اور شہریوں کے حقوق کے حصول کے لیے ہے اور یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
٭ صوبائی وزیر سندھ برائے تعلیم جام مہتاب حسین ڈہر نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم میں تمام بھرتیاں میرٹ پر کی گئی جبکہ تمام جلد مزید ہیڈ ماسٹرز و اساتذہ اہلیت کے معیار پر مقرر کیے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل اوباوڑو میں گورنمینٹ بوائز اسکول میر خان رند، گورنمنٹ پرائمری اسکول غلام حسین سولنگی اور 33 لاکھ کی لاگت سے لشکراں محلے کی فرشبندی کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ سمیت محکمہ تعلیم کے افسران و عام لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی ہے تاکہ ہنگامی بنیادوں پر تعلیم کو بہتر کیا جاسکے ۔ اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کام کر رہا ہے سندھ بھر سے ہزاروں بند اسکولوں کو فعال بنایا گیا ہے اس کے علاوہ سندھ کے مختلف شہروں و دیہات میں نئے کالج اور اسکول بنا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے گوسٹ ملازمین و اساتذہ کی وجہ سے تعلیم کو نقصان ہورہا تھا جس وجہ سے سندھ بھر میں بائیو میٹرک نظام لاگو کرکے مانیٹرنگ کرنے کے لیے ملازم بھرتی کیے گئے تاکہ تمام اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنایا جاسکے کیوںکہ جب تک اساتذہ سچائی و ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام نہیں دیں گے تب تک تعلیمی معیار بہتر نہیں ہوسکتا اس لیے اساتذہ کو چاہیے کہ وہ قوم کے بچوں کا مستقبل روشن کرنے کی خاطر اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا دارو مدار بہتر تعلیم پر ہے اس لیے عوام چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو پڑہائیں اس حوالے سے حکومت سندھ نے انٹر تک تمام فیس ختم کردی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ غریب بچے تعلیم حاصل کر سکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ زمانہ گیا جب اساتذہ گھر بیٹھ کر تنخواہیں لیتے تھے اب ایسا ہرگز نہیں ہوگا ، ایسے ملازمین کی محکمہ تعلیم کو کوئی ضرورت نہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ تعلیم کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اس لیے عوام کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو پڑھا کر حکومت سندھ و ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں کیوںکہ عوام کے تعاون کے بغیر کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی۔
٭ امریکا بھارت سی پیک کو سبوزتاز کرنے کی سازش کر رہے ہیں، عمران خان بیرونی ایجنٹ اور ترقی کا دشمن ہے تحریک انصاف سربراہ بتاسکتے ہیں کہ نواز شریف سے آصف زرداری بڑا چور نہیں ہے۔ علامہ راشد خالد محمود سومرو، جمعیت علما اسلام سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد خالد محمود سومرو نے کہا ہے کہ امریکا بھارت کھل کر سی پیک منصوبے کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، عمران خان اسی سازش کو عملی جامہ پہنانے پر عمل پیرا ہے مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ وزیراعظم کے نام پر پاکستان کی ترقی اور سی پیک کے خلاف سازش کی جارہی ہیں امریکا اور بھارت پاکستان کے دشمن ہیں اور ملک کو انشتار کے بھینٹ چڑھا رہے ہیں عمران خان بتا سکتے ہیں کہ کیا آصف زرداری نوازشریف سے کم چور ہیں بڑے چور کے سے اتحاد کرکے جمھوریت کو ڈی ریل نہیں کیا جا سکتا ہے۔ مولانا راشد محمود سومرو سکھر ائرپورٹ پر رہنمائوں مولانا محمد صالح انڈھڑ، مفتی سعود افضل ہالیجوی، حافظ عبدالحمید مہر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی اربوں روپے کی کرپشن کے خلاف ٹھٹھہ میں سندھ حکومت کی کرپشن کے خلاف سندھ بچائو کرپشن مٹائو ریلی نکالی جائے گی اور دھرنا دیا جائے گا سکھر، لاڑکانہ، نوابشاہ سمیت سندھ حکومت نے دو ہزار ارب روپے کی کرپشن کرکے صوبے کو موہنجودڑو اور شہروں کو کھنڈرات میں تبدیل کیا گیا ہے۔ جمعیت علما اسلام جمہوریت ملک اور ترقی سی پیک کی حفاظت اور سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے وزیراعظم اور حکومت کا ساتھ دیا جائے گا۔ مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ تحریک انصاف والے استعفیٰ دیکر پھر واپس بیٹھ گئے۔ اب وزیراعظم سے کس منھ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں خیبرپختونخواہ حکومت میں سب سے زیادہ کرپشن ہو رہی ہے بیروکریسی حکومت سے بیزار ہوکر بیٹھ گئی ہے عمران خان کو چاہئے کے سازشیں چھوڑ کر آٹھ ماہ صبر کریں و گر نہ آنے والے انتخابات میں چاروں صوبوں اور وفاق میں تحریک انصاف کو بری شکست ملے گی عوام انہیں رد کرے گی۔
٭ پاکستان مسلم لیگ ن ضلع سکھر کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل و ترجمان خورشید میرانی نے کہا ہے کہ پاناما کی آڑ میں شریف خاندان کے خلاف شورمچانے والوں کو ماضی کی طرح ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا میاں نواز شریف ملک کے منتخب وزیر اعظم ہیں عوام نے ن لیگ کو ووٹ دیکر کامیاب کیا ہے نواز شریف اپوزیشن کے کہنے پر کسی صورت استعفا نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر کے علاقے اخوت نگر میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فتح ابڑو دیگر بھی موجود تھے خورشید میرانی نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے حکومت نے سی پیک ، بجلی کی پیداوار سمیت متعدد منصوبے شروع کئے ہیں ن لیگ آئندہ الیکشن میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے ملک میں دورباہ اپنی حکومت بنائے گی۔