ٹنڈو الٰہیار‘ ایس بی سی اے کی ہدایت پر گڑھ مارکیٹ مسمار کردی گئی

102

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے نوٹیفکیشن کے بعد میونسپل کمیٹی کی تابڑ توڑ کارروائی، خستہ حال قدیم سبزی مارکیٹ گڑھ مارکیٹ کو میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ نے ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا، مارکیٹ کو بھاری مشینری سے گرایا گیا، پولیس کی بھاری نفری تعینات۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے نوٹس کے بعد ٹنڈوالٰہیار میونسپل کمیٹی کے وائس چیئرمین شاہد جعفر قائم خانی کی نگرانی میں میونسپل کمیٹی کے عملے نے ٹنڈوالٰہیار کے گنجان آباد علاقے میں قیام پاکستان سے قبل کی قائم قدیم خستہ حال سبزی مارکیٹ گڑھ مارکیٹ کو بھاری مشینری سے گڑھ مارکیٹ کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا، کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔ واضح رہے کہ گڑھ مارکیٹ 1939ء میں تعمیر کی گئی تھی جس کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے میونسپل کمیٹی کو نوٹس کے ذریعے آگاہ کیا کہ یہ بلڈنگ کسی بھی وقت کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔ لہٰذا اسے مسمار کیا جائے، جس کے بعد میونسپل کمیٹی نے مذکورہ مارکیٹ کو بھاری مشینری سے ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ گڑھ مارکیٹ کو مسمار نہ کرنے کے خلاف کچھ سیاسی اور تاجروں کی جماعتوں نے کچھ دنوں قبل احتجاج بھی کیا تھا۔ بعد ازاں میونسپل کمیٹی کے وائس چیئرمین شاہد جعفر قائم خانی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دکانداروں کی رضا مندی کے بعد خستہ حال مارکیٹ کو مسمار کیا جارہا ہے۔ مذکورہ جگہ پر ایک جدید مارکیٹ تیار کی جائے گی جس میں ان دکانداروں کو دکانیں فراہم کی جائیں گی۔