پنجاب کی مختصر خبریں

205

٭ شیخوپورہ (آئی این پی) سرگودھاروڈ پر آئل ٹینکر ہائی ٹینشن وائرکے کھمبے سے ٹکرا کرالٹ گیا حادثے کی وجہ سے اردگرد کے 100سے زائد دیہات کی بجلی منقطع ہوگئی ،پولیس اور ریسکیو اداروں نے فوری جائے حادثے پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کیں۔ ہفتہ کو سرگودھا روڈ پر جھامکے کے قریب آئل ٹینکر بجلی کے کھبے سے ٹکرا کرالٹ گیا ۔ٹینکر میں حادثے کے وقت 25 ہزار لیٹر پٹرول موجود تھاجو دوسرے ٹینکر میں شفٹ کیا گیا۔ریسکیو1122اور پولیس نے فوری جائے حادثہ پرپہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔آئل ٹینکر ہائی ٹینشن وائر کے کھمبے سے ٹکرانے کی وجہ سے 100سے زائد قریبی دیہات کی بجلی منقطع ہوگئی۔
٭ چیچہ وطنی(آئی این پی) ٹریکٹر ٹرالی کی موٹر سائیکل کو ٹکرسے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا،پولیس کے مطابق گاؤں18،چودہ ایل کا رہائشی محمد یوسف اپنے دوست لیاقت علی کے ہمراہ شہر سے واپس گاؤں جارہا تھا کہ راستہ میں بے قابو ٹریکٹر ٹرالی نے انکی موٹر سائیکل کوٹکر ماردی،حادثہ کے نتیجہ میں دونوں سڑک پرگر کرشدید زخمی ہوگئے اور محمد یوسف اسپتال پہنچنے سے قبل ہی چل بسا،لیاقت علی کو طبی امداد کے بعد نشتر اسپتال ملتان منتقل کردیا گیا ہے،پولیس مصروف تفتیش ہے۔
٭ چکوال(آئی این پی) ڈھڈیال میں ویگن کے اندر غیر قانونی سی این جی سلنڈر نصب کرنے والے ویگن ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا، ٹریفک اسٹاف کے اے ایس آئی طارق جاوید نے استغاثہ دیا کہ عبدالوحید ولد باغ حسین ساکن گجر خان جس نے ہائی ایس نمبرایم آر آر اے 034 میں غیر قانونی سی این جی سلنڈر نصب کر رکھے تھے کوویگن سمیت گرفتار کر کے ڈھڈیال پولیس کے حوالے کر دیا جہاں پر اے ایس آئی عبدالرحمن نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو جوڈیشل حوالات بھیجوا دیا۔
٭ ساہیوال (آئی این پی) گاؤں 105/9-L میں چارہ کاٹتے ہوئے مشین میں کرنٹ آنے سے دو افراد ہلاک ہوگئے پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کردیا بتایا گیا ہے کہ سابق کونسلر 50 سالہ اسلم اپنے ڈیرے پر مویشیوں کے لیے چارہ کاٹ رہا تھا کہ اچانک مشین میں کرنٹ آگیا اْس کے شور پر بچانے کے لیے جب اْس کا ایک رشتہ دار 25 سالہ توقیر عباس پہنچا تو اْس نے اسلم کو پکڑ کر علیحدہ کرنے کی کوشش کی تو اْسے بھی کرنٹ لگا۔ اس طرح دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، ورثا نے کسی قسم کی کوئی کاروائی کرانے سے انکار کردیا دونوں کو سپرد خاک کر دیا گیا۔
٭ بہاولپور ( آئی این پی )ڈپٹی کمشنررانا محمد سلیم افضل نے کہا ہے کہ سانحہ احمدپور شرقیہ میں ہلاک ہونے والے 125افراد جن کی شناخت نہ ہوئی تھی ان کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونہ جات لاہور بھیجے گئے، جن میں سے53کی ڈی این اے رپورٹ موصول ہوگئی ہے، اس رپورٹ سے33قانونی ورثا کی شناخت کرلی گئی ہے جن میں سے 27افراد کے قانونی ورثا کو بیس بیس لاکھ روپے کی امدادی رقوم کے چیک دے دیے گئے ہیں۔
٭ چکوال(آئی این پی) سب جیل چکوال کے7وارڈن تبدیل کر دیے گئے، تبدیل کیے جانے والوں میں عمر دراز کو چکوال سے جہلم، خان بیگ کو چکوال سے راولپنڈی، مرید حسین کو منڈی بہائوالدین، قاضی مظہر حسین کو راولپنڈی، تنویر حسین کو راولپنڈی، محمد ظہیر کو راولپنڈی،تصور عباس، غلام عباس کو راولپنڈی تبدیل کیا گیا ہے جبکہ ممتاز حسین کو بھی چکوال سے تبدیل کیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات راولپنڈی نے یہ تبادلے ایک عرصے سے سب جیل میں تعینات عملے کے کیے گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ12نئے سب جیل اہلکاروں کو مختلف جیلوں سے چکوال میں تعینات کیا گیا ہے جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔