پی سی بی نے ڈومیسٹک ایونٹ کیلیے کھلاڑیوں کی عمر کی حد مقرر کردی

146

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی اپنے سب سے بڑے ڈومیسٹک ایونٹ قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے لئے کھلاڑیوں کی عمر کی حد مقرر کر دی ،ریجنل ٹیموں میں 30سال سے زائد العمر کھلاڑیوں کی سلیکشن نہیں کی جائے گی ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی ڈومیسٹک افیئرز کرکٹ کمیٹی نے نئے سیزن کے لئے جو سفارشات تیار کی ہیں ان میں ریجنل کھلاڑیوں کے لئے عمر کی حد مقرر کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق تجویز دی گئی ہے کہ ہر ریجن کی ٹیم کے 20 کھلاڑیوں میں سے 2 انڈر19کھلاڑی ہونگے جبکہ باقی18کھلاڑیوں کی عمر30سال سے کم ہوگی البتہ انٹر نیشنل کھلاڑی عمر کی اس حد سے مستثنیٰ ہونگے دوسری جانب محکموں کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لئے عمر کی کوئی حد نہیں ہوگی۔ذرائع کے مطابق ڈومیسٹک افیئرز کرکٹ کمیٹی کی میٹنگ میں موجود ریجن کے نمائندوں نے عمر کی حد مقرر کرنے کی تجویز پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے تاہم اس پر حتمی فیصلہ پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ میں ہوگا جو رواں ماہ کے آخر میں لاہور میں شیڈول ہے ۔یاد رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھی کئی سال قبل نیشنل سینئر ہاکی چیمپئن شپ میں30 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی عائد کر دی تھی جس کے بعد محکموں کی ٹیموں سے کئی زائد العمر ہاکی کھلاڑیوں کی چھٹی ہو گئی تھی ۔