تعلیمی بورڈ میرپورخاص کی جانب سے فیسوں میں من مانہ اضافہ

174

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) تعلیمی بورڈ میرپورخاص نے مختلف سرٹیفکیٹس کے اجرا پر مقرر کر دہ فیسوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے، فیسوں میں اضافے سے طالب علموں کو سخت پریشانی کا سامنا۔ ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میرپورخاص کی انتظامیہ کی جانب سے بورڈ کی فیسوں میں من مانہ اضافہ کر دیا ہے، اضافی فیسیں یکم جولائی سے وصول کی جائیں گی جبکہ اضافی فیسوں کا نوٹیفیکیشن 14 جولائی کو جاری کیا گیا جس کے مطابق مارک سرٹیفکیٹ پرانی فیس 250 میں اضافہ کر کے 300، پاس سرٹیفکیٹ کی پرانی فیس 200 میں اضافہ کر کے 300، مائیگریشن کی پرانی فیس 1000 میں اضافہ کرکے 1500 ایلیجیبلٹی کی پرانی فیس 1000 میں اضافہ کر کے 1500، ٹرانسفر کی پرانی فیس 1500 میں اضافہ کر کے 2500 کردیا گیا ہے جبکہ دیگر فیسوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے فیسوں میں اضافے کے باعث طالب علموں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے ۔