حکمران قومی وسائل پر سانپ بن کر بیٹھے ہوئے ہیں، سردار ظفر

214

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان نے کہا ہے کہ ملک کے کروڑوں عوام کو تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولتیں دستیاب نہیں جبکہ حکمران تمام اختیارات کو اپنے ہاتھ میں لے کر قومی وسائل پر سانپ بن کر بیٹھے ہوئے ہیں۔ بچوں سمیت نہروں میں چھلانگیں لگانے والی مائوں کی خودکشیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات ملک میں حالات کی سنگینی اور حکمرانوں سے ناامیدی اور مایوسی کے آئینہ دار ہیں۔ آئندہ عام انتخابات میں جماعت اسلامی پنجاب میں ایک بڑی قوت بن کر ابھرے گی، ملکی مسائل کے حل، ترقی، امن اورخوشحالی کے لیے سیاسی بیداری اور دیانت دار قیادت ضروری ہے۔ 2017ء عوامی رابطہ مہم کا سال ہے، کارکن گلی گلی جماعت اسلامی کے پیغام کو پہنچانے اورایک کروڑ ووٹرز تک پہنچنے کے ہدف پورا کریں گے۔ دیانتدار لوگوں کے بجائے کرپٹ اور نااہل قیادت کو منتخب کیا جائے گا توبے حیائی، بدامنی، بے روزگاری میں اضافہ ہوگا۔ پاکستان کی بنیاد میں ان لاکھوں شہداکا خون ہے، جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک ایسا آزاد خطہ زمین حاصل کیا تھا جہاں وہ قرآن و سنت کے مطابق اپنی زندگیاں گزار سکیں لیکن قائد اعظم کی وفات کے فوراً بعد اس ملک کے اقتدار پر انگریز کی پروردہ اشرافیہ نے قبضہ کرلیا اور ملک کے تمام وسائل کو سمیٹ لیا۔ جب تک دولت چند ہاتھوں میں گھومتی رہے گی، غریب آدمی روٹی کے لقمے کو ترستے اور خود کشیاں کرتے رہیں گے۔ حکمران صدق دل سے اس طر ز حکمرانی کو اختیار کر لیں تو پاکستان کو تمام مسائل سے ہمیشہ کے لیے نجات مل سکتی ہے۔