حکمران ملکی اثاثے گروی رکھ کر ترقی کا نام دے رہے ہیں

219

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکمران ملکی اثاثہ جات کو گروی رکھ کر اور قوم کو مزید مقروض کرنے کے بعد اسے ترقی کا نام دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شمالی لاہور کے ذمے داران کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلا میں شمالی لاہور کے امیر چودھری محمد شوکت، اطہر محمود، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم اور سطوت کلیم قریشی و دیگر ذمے داران نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی، کرپشن، غربت اور مہنگائی جیسے خطرناک مسائل کی جڑ حکمرانوں کی غلط پالیسیاں ہیں اور ملک بے شمار مسائل کا شکار ہے، جن میں نظام تعلیم کا ناقص معیار، طبی سہولیات کا فقدان، لوڈشیڈنگ کا عذاب، بے روزگاری، جرائم اور ملک میں بگڑتی سیاسی صورتحال شامل ہیں۔ عوامی نمائندے ایوانوں میں بیٹھ کرعوامی خدمت کے لیے پلاننگ کے بجائے اپنی اپنی کرپٹ لیڈرشپ کو بچانے اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف عمل ہیں۔ ملکی ترقی اور بقا کے لیے کارکنا ن مثبت تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کے سلوگن کو زیادہ سے زیادہ عام کریں اور ہر شہری تک پیغام اور منشور پہنچائیں ۔ 2018ء کے الیکشن میں دیانتدار اور کرپٹ لیڈر شپ میں مقابلہ ہوگا۔