فیڈر ل بورڈ آف ریونیو کے افسران کا احتساب کیا جائے، اشرف عاصمی

157

لاہور (نمائندہ جسارت) ٹیکس وصولی کو شفاف بنانے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو کرپشن سے پاک کرنا ہوگا۔ جس طرح موجودہ حکومت کے احتساب کے لیے جے آئی ٹی بنائی گئی اِسی طرح فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں ہونے والی کرپشن کو بے نقاب کردیا جائے اور ٹیکس کے محصولات میں اضافہ کرکے ملک میں خوشحالی کا دور لایا جاسکتا ہے۔ اِن خیالات کا اظہار پاکستان نیشنل ٹیکس فورم کے چیئرمین صاحبزادہ میاں محمد اشرف عاصمی ایڈووکیٹ نے لاہور ہائی کورٹ بار کے ڈیمو کریٹک لان میں وکلا کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت ممتاز قانون دان شبیر حسین بلوچ کر رہے تھے۔ صاحبزادہ میاں محمد اشرف عاصمی ایڈووکیٹ نے وکلا سے اپنے خطاب میں اِس بات پر زور دیا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اوپر سے لے کر نیچے تک کرپشن ہی کرپشن ہے، جس سے عام آدمی خوف کھاتا ہے اور اِس کا اثر پھر یہ پڑتا ہے کہ ملک کے محصولات میں آبادی کے حساب سے بہت زیادہ کمی ہے۔ اُنہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فیڈر ل بورڈ آف ریونیو کے افسران کا احتساب کیا جائے اور ملازمت کے آغاز میں اُن کے اثاثہ جات کا تعین کرکے اُن کے رہن سہن کے معیار اور اُن کی آمدنی کے ذرائع کا شمار کیا جائے۔ ملک میں فرینڈلی ٹیکس کلچر کو فروغ دے کر ملک کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔ اس موقع پر پاکستان نیشنل ٹیکس فورم کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد حسن علی نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ ٹیکس نظام میں اصلاحات کے لیے پاکستان نیشنل ٹیکس فورم فعال کردار ادا کرے گا۔