مولانا شاہ احمد نورانی عقیدہ ختم نبوت کے عظیم محافظ تھے، آصف جلالی

637

لاہور (نمائندہ جسارت) تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم پاکستان کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں قائد اہل سنت حضرت مولانا شاہ احمد نورانی صدیقی کے سالانہ عرس کے اجتماع میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت مولاناشاہ احمد نورانی نے سیاست کو عبادت سمجھ کر اپنایا۔ آپ بہت بڑے مصلح مدبر اور زیرک رہنما تھے۔ آپ نے بڑی استقامت اور دلیری سے نظام مصطفیﷺ کی جدوجہد کی۔ آپ جیسی نابغہ روز گار شخصیات صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں۔ آپ نے پوری دنیا میں عقیدہ ختم نبوت کو فروغ دیا۔ آپ پاکستان میں نفاذ نظام مصطفیﷺ کے قافلہ سالار تھے۔ آپ دو قومی نظریے کے بہت بڑے علمبردار اور عقیدہ ختم نبوت کے عظیم محافظ تھے۔ آپ نے پاکستان کے اسلامی تشخص کی حفاظت کے لیے مسلسل جدوجہد کی، آپ وہ نامور سیاستدان تھے جن کا دامن ہر قسم کی آلودگی سے پاک تھا۔ آپ نے جمعیت علما پاکستان کے پلیٹ فارم سے دینی سیاست کو ایک مقام دلایا۔ آپ نے بحیثیت پارلیمنٹیرین عوام کے حقوق کا تحفظ کیا۔ 73ء کے آئین کی اسلامی دفعات آپ کی جدوجہد کا نتیجہ ہیں۔ آپ نے سوشلزم کا راستہ روکنے کے لیے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ بڑے بڑے ڈکٹیٹر آپ کو دبانے یا خریدنے میں ناکام رہے۔ آپ نے ورلڈ اسلامک مشن قائم کرکے پوری دنیا میں تبلیغ دین کا نیٹ ورک قائم کیا۔ ہزاروں لوگوں نے آپ کے ہاتھوں پر اسلام قبول کیا۔ تقریب کے اختتام پر مولانا شاہ احمد نورانی کی بلندی درجات کے لیے دعا کی گئی ۔