٭٭٭……اندرون سندھ ……٭٭٭

196

شکارپور (نمائندہ جسارت) شکارپور میں گزیٹیڈ آفیسررس ایسوسی ایشن ( اسکول ایڈمنسٹریشن) سندھ لاڑکانہ ڈویزن کا اجلاس مقامی جگھ پر ضلع باڈی شکارپورکی زیر میزبانی ہوا ، اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں عاشق حسین میمن ، منظورمنگی ، نظیر دایو ، ضمیر حسین شاہ ، دیوان کمل کمار شاہ، سید اقبال شاہ ، منور کوری ، رفیق جمالی ، محمد پنجل شیخ ، عزیز برڑو ، علی محمد ودھو ، مشتاق سدھایو ، ایاز چانڈیو ، عزیز جامڑو ، سید محبت علی شاہ، مقبول ہکڑو ،عبدالواحد سومرو ، ارشاد بکھرانی اور دیگر نے کہاکہ سندھ میں تعلیم کے مضبوط انتظامیہ باڈی کو سابقہ سیکریٹری فضل اللہ پیچوھو نے سیاست کے ذریعے بگاڑکر تباہ کردیاتھا، ایک طرف ناقص منیجمینٹ کیڈر کی آڑ میںچور درواز کھول کر ایکس کیڈر ، نان پروفیشل اور دیگر محکموں کے افسران کو محکمہ تعلیم کے اسکولوں کے ایڈمنسٹریشن میں داخل کیا گیا تھا جس کی وجہ سے تعلیم کا معیار بلند ہونے کے بجائے کم ہوگیا ہے جبکہ محکمہ کے اصل افسران کو دیوار سے لگا کر ڈی پی سی نہ کرکے سندھ کے افسران کا سروس کیریئر تباہ کیاگیا ہے ، انہو ں نے گزیٹیڈ آفیسر ایسوسی ایشن سندھ کے مرکزی انتخابات 6آگست کو ہورہے ہیں جس کے لیے منظور منگی کو باضابطہ طور پر مرکزی امیدوار کے طور پر نامزد کیاگیا ہے جبکہ ایک اور امیدوار کا نام بعد میں نامزد کیا جائے گا ، اجلاس میں قرار داد پا س کرتے ہوئے حکومت سندھ اور اعلی حکام سے مطالبہ کیاگیا کہ منیجمینٹ کیڈر والا ناقص سرشتہ واپس لیکر تعلیمی محکموں کی گرتی ہوئی معیار کو بلند کیا جائے اور ہیڈ ماسٹرس سے غیر قانونی طور پر حکومت کی جانب سے چار درجاتی فارمولا اور ٹائیم اسکیل بحال کیا جائے ، انہو ںنے مزید کہاکہ مرکزی انتخابات کے بعد بھر پو راحتجاج کیاجائے گا۔٭ سکھر (نمائندہ جسارت)آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈکاٹیج انڈسٹریز کے بانی حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ بی ایڈ کالج کے امتحانات دینے والے طلبہ و طالبات جنہوں نے گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن سکھر میں تمام پیپرز میں حاضر ہوکر امتحانی پرچے حل کیے اور ان کی اٹینڈینٹس شیٹ پر حاضری کے دستخط بھی موجود ہیں۔ انٹرنل، ایکسٹرنل ، اگزامنر اور پرنسپل کی تصدیق ہونے کے باوجود سینکڑوں طالب علموں کو غیر حاضر کرکے فیل شدہ مارک شیٹ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی نے جاری کردی ہیں جن کی درستگی کیلئے جامعہ لطیف کا شعبہ ڈائریکٹر کالجز کے افسران و دیگر عملہ مسلسل ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں طالب علموں اور ان کے والدین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گلزار بھٹو ،حاجی صابر ،محمد طاہر خان، فیاض خان، مولانا عثمان فیضی، ، صابر کپتان ،بدر رفیق قریشی، خواجہ جلیل احمد ،عبدالمتین بندھانی، حاجی انور وارثی، محمد زاہد یامین ، ملک رضوان الحق، عبدالرحمن انصاری، حاجی محمد شفیع عباسی ، برکت علی سولنگی ، عبدالرحیم سیٹھی، خواجہ جلیل احمد،زاہد اقبال ، عطا محمد قریشی ، شاکر کمبوہ اور محمد علی میمن ، رضوان لالا جندہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ حاجی محمد ہارون میمن نے کہا کہ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی نے ایک لمبے طریقہ کار کو مکمل کرنے کے بعد پاس شدہ مارک شیٹ دینے کو کہا جسے بیشتر امیدواروں نے گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن سکھر سے کاغذات کی تصدیق کرائی اور اس کی فوٹو کاپی پرنسپل گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن سکھر سے دستخط کرواکر جامعہ لطیف کاغذات جمع کرائے ، کاغذات جمع ہونے کے تین ماہ بعد بھی شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کی انتظامیہ نے متاثرہ طلبہ و طالبات کو ان کی پاس شدہ مارک شیٹ جاری نہیں کی اور اس سلسلے میں امیدوار اور ان کے والدین شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کے چکر لگانے پر مجبور ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ لطیف کی اپنی غلطی کی سزا طلبہ و طالبات اور ان کے والدین بھگت رہے ہیں اس کے باوجود شاہ عبداللطیف یونیورسٹی جو کہ ہائر ایجوکیشن میں کارکردگی کی بنیاد پر ساتویں درجے کی دعویدار ہے اس کا کام کرنے کا طریقہ کار اب کھل کر سامنے آگیا ہے جامعہ لطیف نے امیدواروں کو بلاجواز فیل کرکے جو تنگ و پریشان کیا ہے اس کا ازالہ نہیں کیا جارہا ہے۔ حاجی محمد ہارون میمن نے ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد کے چیئرمین ، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ، سندھ کی جامعات کے چانسلر گورنر سندھ محمد زبیر، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر اور سیکریٹری ایجوکیشن سے مطالبہ کیا کہ جامعہ لطیف کی جانب سے بلاجواز فیل کیے گئے طلبہ و طالبات کو پاس مارک شیٹ فوری طور پر جاری کرائی جائیں تاکہ ان پھیلی بے چینی دور ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ لطیف نے اپنی نااہلی، غفلت، لاپرواہی اور ٹال مٹول کے طریقہ کار کوتبدیل نہ کیا تو اعلیٰ حکام کو ا س سلسلے میں مراسلات ارسال کیے جائیں گے۔٭ سکھر (نمائندہ جسارت)میلاد مصطفیٰ کمیٹی نے ہر جمعے اور اتوار کو محفل ذکر الٰہی اور درود و سلام منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے جمعے کو نماز جمعہ کے بعد جامع خضریٰ مسجد، جامع مسجد رفیق ملت، جامع مسجد زبیدہ ملٹری روڈ، جامع حنفیہ مسجد اور دیگر مساجد میں خصوصی محافل ذکر الٰہی اور درود و سلام منعقد کیں جس میں میلاد مصطفیٰ کمیٹی کے صدر محمد یاسین سعیدی، جنرل سیکریٹری شکیل احمد صدیقی، حاجی انور وارثی اور دیگر عہدیداروں، علمائے کرام، آئمہ مساجد، قرأ حضرات، نعت خوانوں، بزرگوں، نوجوانوں اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی، بعد ازاں علمائے کرام علامہ حافظ محمد مستقیم قادری، علامہ افضل مصطفائی، مولانا غلام محمد بلوچ، مولانا عثمان افضل، مولانا اقبال انصاری، مولانا اعظم سعیدی، حافظ شوکت مہر، مولانا ارشد سعیدی، مولانا غوث بخش، قاری عبدالماجد، مولانا محمد پناہ مہر، مولانا انور خان، حافظ عبدالحفیظ، مولانا سید معاذ قاسمی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعے کا دن مسلمانوں کیلیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور جمعے کے دن کو عید کا دن بھی کہا جاتا ہے، جمعے کو فرشتے حضور نبی کریمﷺ کی بارگاہ اقدس امت کے درود و سلام کو پیش کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ کے ذکر سے دلوں کو سکون اور اطمینان حاصل ہوتا ہے، درود و سلام اللہ تعالیٰ کے یہاں مقبول عمل ہے، ذکر الٰہی کرنے اور درود پڑھنے سے ایمان تازہ ہوتا ہے اور قلبی و ذہنی سکون ملتا ہے، علمائے کرام کا کہنا تھا کہ دنیاوی کاموں میں مصروف افراد کو اجتماعی طور پر مختصر وقت کیلیے ذکر الٰہی اور درود و سلام پڑھنے کی طرف راغب کرنا ایک احسن اور مقبول عمل ہے، جس لگن، محبت اور عقیدت کیساتھ لوگ اس میں شریک ہورہے ہیں یہ دینی و اصلاحی محافل کی روحانیت اور برکت ہے، یہ محافل گھروں، دکانوں اور دفاتر میں بھی منعقد کرنے کیلیے مہم چلائی جائیگی تاکہ ہم اللہ اور رسول کی جانب توجہ کرسکیں، انھوں نے کہا کہ اتوار 16 جولائی کو بعد نماز مغرب جامع خضریٰ مسجد میں ہفتہ وار محفل ذکر الٰہی و درود و سلام منعقد کی جائیگی، آخر میں علماء کرام نے اسلام کی سربلندی، دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی غیب سے مدد اور پاکستان میں امن و سلامتی اور استحکام کیلیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔٭ حیدرآباد(نمائندہ جسارت) دو مختلف پولیس مقابلوں میں دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار میں پولیس مقابلہ ، بھٹائی نگر تھانہ کی حد میں ڈی ایس پی سی آئی اے اسلم لانگاہ اور ایس ایچ او بھٹائی نگر کی ٹیم نے ایک مبینہ پولیس مقابلہ میں ڈاکو سہیل راجپوت ولد محمد شریف مئیو راجپوت سکنہ مہر علی پیارو ملاح گوٹھ ایئر پورٹ روڈ لطیف آباد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ملزم کے قبضہ سے ایک پسٹل مع گولیاں اور ایک مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہو ئی ہے جبکہ ہٹڑی تھانہ کی حد میں پولیس نے مقابلہ کے بعد ایک ڈاکو مراد علی ولد محمد علی یوسف زئی سکنہ گاما پاڑہ لیاقت کالونی حیدرآباد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ اسکے دوساتھی فرار ہو گئے ملزم کے قبضہ سے ایک پسٹل مع گولیاں برآمد ہوئی ہیں پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف کینٹ تھانہ اور دیگر تھانوں میں ڈکیتی و رہزنی کے درجنوں مقدمات درج ہیں اسکے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔