کراچی جلد بین الاقوامی اسکواش ایونٹس کی میزبانی کرے گا‘جہانگیر خان

208

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) اسکواش لیجنڈ سابق ورلڈ اور برٹش اوپن چیمپئن جہانگیر خان نے کہا ہے کہ کوشش کررہے ہیں کراچی کو بھی انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹس کی میزبانی کا شرف حاصل ہو،تاہم سیکورٹی خدشات کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہوسکا، جلد کراچی میں انٹرنیشنل اسکواش کے کورٹ آباد ہوجائیں گے۔پارکو 7واں روشن خان اوپن اسکواش چیمپئن شپ 2017 میں ملک کے تمام ٹاپ سیڈ پلیئرز حصہ لے رہے ہیں،چیمپئن شپ 18 سے 22 جولائی تک پاکستان نیوی کے روشن خان، جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں منعقد کی جارہی ہے جس میں5 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ اس بات کا اعلان انہوں نے پی این اسکواش کمپلیکس میں سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے سیکریٹری راشد احمد کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جہانگیر خان نے کہا کہ مین ڈرا میں16 پلیئرز شرکت کریں گے،جس میں پلیئرز براہ راست اور ایک پلیئر وائلڈ کارڈ انٹری کے ذریعے شامل ہوگا، باقی4 پلیئرز کوالیفائنگ رائونڈ سے لئے جائیں گے، کوالیفائنگ رائونڈ میں بھی16 پلیئرز حصہ لیں گے۔ پاکستان واپڈا کے فرحان محبوب نمبرون سیڈ ہیں، پاکستان ایئرفورس کے فرحان زمان نمبر 2 سیڈ اور دفاعی چیمپئن ہیں جو اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے،ان کے علاوہ، طیب اسلم، عماد فرید، عاصم خان، اسرار احمد، احسن ایاز، وقار محبوب، فراز محمد،بلال ذاکر اور صدام الحق شامل ہیں۔کوالیفائنگ رائونڈ میں کھلاڑیوں میں 4 کاتعلق مقامی پلیئرز ہونگے۔انہوں نے بتایا کہ روشن خان اوپن کے فاتح کو ٹرافی کے ساتھ ہزار روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔رنراپ کو ہزار روپے ٹرافی کے ساتھ ملیں گے۔ سیمی فائنلسٹ ، کوارٹر فائنلسٹ اور فرسٹ رائونڈ اور لاسٹ کوالیفائرز کو بھی کو انعامی رقم دی جائے گی۔ چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ رائونڈ18 جولائی سے شروع ہونگے۔ مین رائونڈ 19 سے22 جولائی تک منعقد ہونگے، فائنل اور تقسیم انعامات22 جولائی کو ہوگی۔جہانگیر خان نے کہا کہ کوشش تھی کہ ایونٹ کو25 ہزار ڈالر کی انعامی رقم کے مطابق انٹرنیشنل سطح پر کرایا جائے لیکن سیکورٹی خدشات کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہوسکا،انشاء اللہ جلد روشن خان اسکواش چیمپئن شپ میں انٹرنیشنل پلیئرز شرکت کرنے کے لئے پاکستان آئیں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان نیوی کے سی این ایس اور کمانڈر کراچی سمیت دیگر اسٹاف کا شکریہ ادا کیا جس نے نہ صرف روشن خان کو اون کیا ہوا ہے بلکہ ہمیں اسکواش کی ہر ممکن سپورٹ اور سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن سے منظور شدہ نیشنل ایونٹ سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے زیراہتمام پارکو لمیٹڈ کے تعاون سے کراچی میںپاکستان نیوی کے روشن خان، جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں منعقد کیا جارہا ہے، جس کے لئے ایک آرگنائزنگ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں جہانگیر خان چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی ،رشیداحمد ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ، فلائٹ لیفٹنٹ ابراہیم وارث ٹورنامنٹ کوارڈنیٹر، عمر بنگش فنانس سیکریٹری ،ٹورنامنٹ ریفری محمد نسیم اور میڈیا کوارڈنیٹر سید شاہ جہان صدیقی ہونگے۔ ایونٹ میں فاتح کھلاڑی کو 95 ہزار روپے‘رنراپ کو 65ہزار روپے‘سیمی فائنل کھیلنے والے کھلاڑیوں کو 42ہزار 500‘کوارٹر فائنل کھیلنے والوںکو 26250 روپے‘پہلا رائونڈکھیلنے والوں کو 15ہزار اور آخری کوالیفائرکو7500روپے دیے جائیں گے۔