کھیل کے میدانوں کو آباد کرکے حنیف محمد جیسے کھلاڑی پیدا کریں گے‘ وسیم اختر

169

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو کراچی میں فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ نوجوان نسل صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب ہو اور ماضی کی طرح کھیلوں کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرسکے، ماضی کی حکومتوں نے کھیل کے میدانوں اور پارکوں کا خیال نہیں رکھا جس کے باعث بچوں اور نوجوانوں کو گلیوں اور سڑکوں پر کھیلنا پڑا جس کے باعث ان کی عالمی سطح کی تربیت نہیں ہوسکی اور کراچی کے باصلاحیت نوجوانوں کو بین الاقوامی کھیلوں میں وہ مقام حاصل نہیں ہوسکا جس کے وہ حقدار تھے، یہ بات انہوں نے لٹل ماسٹر حنیف محمد کرکٹ گرائونڈ بہادرآباد میں بھیم پورہ پریمیئر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی، سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد خان، تاجر رہنما عتیق میر، کچھی میمن اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے عہدیداران اور بڑی تعداد میں کرکٹ کے نوجوان کھلاڑی بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ شہر کراچی میں میرا ہر روز ٹوٹی ہوئی سڑکوں اور کچرے کے ڈھیر کی صفائی کرتے ہوئے گزرتا ہے لیکن اس تقریب میں آکر مجھے تازگی کا احساس ہورہا ہے نوجوانوں کے دمکتے ہوئے چہروں کو دیکھ کر خوشی محسوس ہورہی ہے یہی نوجوان ہمارا مستقبل ہے جن میں سے یقینا حنیف محمد خان، شعیب محمد خان، سرفراز احمد، راشد لطیف اور جاوید میاں داد پیدا ہونگے، کھیل زندگی میں صحتمدانہ سرگرمیوں کا بہترین ذریعہ ہیں اور یہ نوجوانوں میں مثبت رویہ اپنانے برداشت کرنے اور ہار اور جیت پر اپنے جذبات قابو پانے کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں جو زندگی کے دوسرے شعبوں میں بھی کام آتی ہے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ طویل عرصے یہ شہر بد امنی کا شکار رہا ہے اور کھیلوں کی سرگرمیاں ماند پڑتی جارہی تھیں موجودہ منتخب بلدیاتی قیادت نے کھیلوں کی سرگرمیوں کو اپنی ترجیجات میں شامل رکھا ہے انہو ںنے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے کھیلوں کے میدانوں سے تجاوزات ہٹانے کیلئے جو احکامات دئیے ہیں ہم نے اس پر عمل شروع کردیا ہے میئر کراچی نے کہا کہ کھیل کے میدان صرف کھیلوں کیلئے ہی مخصوص ہونے چاہئے بلدیہ عظمیٰ کراچی اسکولوں کی گرمیوں کی تعطیلات میں اسپورٹس کمپلیکس میں سپر کیمپ کا انعقاد کررہی ہے جس میں مختلف کھیلوں میں سیکڑوں بچے کھیل کے ساتھ ساتھ تربیت بھی حاصل کریں گے میئر کراچی نے اس موقع پر ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد خان کی بال پر ایک شاٹ کھیل کر اس ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا، اس ٹورنامنٹ میں کرکٹ کی سات مختلف ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔