اوپن کرنسی مارکیٹ‘ ڈالر کی قدر میں 1.10 روپے کا اضافہ

86

کراچی(اسٹاف رپورٹر) انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ایک بار پھر روپے کے مقابلے میںڈالر اڑان بھرنے لگا جس کے باعث انٹر بینک میں ڈالر 105روپے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 107روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔ملک میں جاری سیاسی افراتفری کے پیش نظر ڈالر کی قدر پھر بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے پاکستانی روپیہ دبائو کا شکار ہے ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر49پیسے گر گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 104.88روپے سے بڑھ کر105.36روپے اور قیمت فروخت 104.93روپے سے بڑھ کر 105.42روپے پر جا پہنچی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر1.10روپے مہنگا ہو گیا جس کے بعد ڈالر کی قیمت خرید105.80روپے سے بڑھ کر106.90روپے اور قیمت فروخت 106روپے سے بڑھ کر107.10روپے ہو گئی ۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر 1.50 روپے بڑھ گئی جس سے یورو کی قیمت خرید 120روپے سے بڑھ کر121.50روپے اور قیمت فروخت121روپے سے بڑھ کر122.50روپے ہو گئی اسی طرح1.50روپے کے اضافے سے برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید137روپے سے بڑھ کر 138.50روپے اور قیمت فروخت 138.50 روپے سے بڑھ کر139.50روپے پر جا پہنچی۔