آل سندھ بوائز اینڈ گرلز آرم ریسلنگ چیمپئن شپ کا انعقاد

131

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) محکمہ کھیل و امور نوجوانان حکومت سندھ اور سندھ آرم ریسلنگ ایسو سی ایشن کے تحت اسپورٹس بورڈ ناظم آباد میں آل سندھ بوائز اینڈ گرلز آرم ریسلنگ چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا گیا۔ ڈائریکٹر اسپورٹس سندھ شہزاد پرویز مہمان خصوصی تھے جبکہ مشیر سندھ اسپورٹس بورڈ رزاق ربانی، پرنسپل گورنمنٹ سیفی کالج اورنگزیب ٹالپر، سینئر نائب صدر سندھ آرم ریسلنگ ایسو سی ایشن محمد سلیم اعزازی مہمانوں میں شامل تھے۔ چیمپیئن شپ میں سندھ بھر کے 5 ڈویژنز کے بوائز اور گرلزکھلاڑیوں نے شرکت کی جو اپنے اپنے ڈویژنز کی نمائندگی کرتے ہوئے مختلف رنگوں کے لباس میں ملبوس تھے۔مہمان خصوصی شہزا د پرویز نے کامیاب اور یادگار چیمپیئن شپ منعقد کرانے پر سندھ آرم ریسلنگ ایسو سی ایشن کو مبارک باد پیش کی اور فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ جونیئر گرلز کے مقابلوں میں کراچی نے پہلی ، حیدرآباد نے دوسرے اور سکھر نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ جونیئر بوائز کا ٹائٹل حیدرآباد نے اپنے نام کیا ۔ کراچی نے دوسری اور میرپورخاص نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ آخر میں چیمپیئن شپ کے آرگنائزنگ سیکریٹری پروفیسر محمد عمران جونیجو نے ڈائریکٹر اسپورٹس ، مشیر سندھ اسپورٹس بورڈ سمیت دیگر مہمانان اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا ۔