برادری، غیرت و دیگر مسائل کے نام پرووٹ مانگا جاتا ہے‘ جمشید دستی

98

مظفر گڑھ (آن لائن) عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے کرپشن کے حوالے سے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلی میں اکثر لوگ انہیں اچھوت سمجھتے ہیں،اراکین اسمبلی ہاتھ نہیں ملاتے، میںاپنے اکثر کام خود کرتاہوں اور اس میں کوئی شرم محسوس نہیں کرتاکیونکہ حضور اکرم ؐ بھی اپنے کام خود کیا کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں بیٹھے95فیصد لوگ عوام کو برادری، غیرت اور دیگر مسائل کے نام پر لڑا کر ووٹ حاصل کرتے ہیں اور اسمبلیوں میں جا کر عوام کو بھول جاتے ہیں۔ تحریک انصاف ، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے کچھ لوگوں کے ساتھ اچھی دوستی ہے کیونکہ وہ لوگ بھی مڈل کلاس سے آئے ہوئے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے دور میں کرپشن کی بڑی آفرز آئیں جبکہ آج بھی ایسی آفرز موجود ہیں،مجھے کہا گیا کہ آپ کو وزیر مملکت بناتے ہیں لیکن میں نے انکار کر دیا، پھر مجھے کہا گیا کہ آپ غریب آدمی ہیں آپ کو سندھ میںشوگر مل کا لائسنس دیتے ہیں جسے بیچ کر آپ اپنے حالات درست کرلیں لیکن میرے ضمیر نے یہ بات گوارا نہیں کی۔