تین عدالتوں سے مفرور کس منہ سے احتساب کی بات کر رہا ہے ،مریم اورنگزیب

123

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تین عدالتوں سے مفرور دوسروں کے احتساب کی بات کس منہ سے کر رہا ہے ، عمران خان خیبر پختونخوا کے احتساب کمیشن کا تالا کھول کر اپنے منہ کو تالا لگائیں ، پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والا آج پارلیمنٹ کی عزت کی بات کر رہا ہے ، اداروں کو گالی دینے والا شخص اداروں کی عزت کی بات کر رہا ہے، زکوٰۃ کے پیسے پر منی لانڈرنگ کرنے والا آج دوسروں پر انگلیاں اٹھا رہا ہے، عمران صاحب آپ نے صحیح کہا آپ کو پاکستان کی عوام نہیں چھوڑے گی ، ساری قوم دیکھ رہی ہے آپ ایک چور ،جھوٹے اور ذہنی مریض ہیں، عمران صاحب جس دن نواز شریف نے اپنے کارکنوں کو کال دی آپ کو پاکستان میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ اتوار کو اپنے ایک بیان انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواکے احتساب کمیشن کا تالا کھول کر اپنے منہ کو تالا لگائیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کریں ہمیشہ کی طرح وزیراعظم سرخرو ہوں گے اور آپ کو شرمندگی ہو گی۔