سبز کھاد کا استعمال بڑھایا جائے ،زرعی ماہرین

262

فیصل آباد (اے پی پی )ماہرین زراعت نے بارانی علاقوں میں کاشتکاروںکو مون سون کی بارشوں کا پانی محفو ظ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ چونکہ پانی زراعت کی بنیادی ضرورت ہے لہٰذا آبپاش علاقہ جات ہوں یا بارانی پانی کے بغیر کاشتکاری کا تصور بعید از قیاس ہے۔خصوصاً بارانی علاقوں میں فصلوں کی کاشت کاتمام تر دار و مدار باران رحمت کے نزول پرہے لہٰذا کاشتکار بارانی علاقوں میں فصلات کی کامیاب کاشت اور زیادہ پیداوار کے حصول کے لیے بارشوں کے پانی کو ضائع ہونے سے بچائیں اور اس کا درست طریقے سے استعمال بھی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ بارانی علاقوں میں ہونے والی سالانہ بارشوں کا دوتہائی حصہ موسم گرما اور ایک تہائی حصہ موسم سرما پر مشتمل ہوتاہے لہٰذا بارشوں کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے ڈھلوان کی مخالف سمت گہراہل چلایا جائے ، کھیتوں کو ہموار رکھتے ہوئے مضبوط وٹ بندی کی جائے اورکھیتوں کو جڑی بوٹیوں سے بھی پاک رکھا جائے۔ انہوںنے کہاکہ دیسی کھاد یا سبز کھاد کا استعمال بڑھانے سے بارانی علاقوں میں کھیتوں کا وتر زیادہ دیر تک محفوظ رہتاہے جس سے بہترین فصلات حاصل کی جاسکتی ہیں۔