شکار پور، قتل میں ملوث مجرم عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا

158

شکارپور (نمائندہ جسارت) شکارپور کے جمانی ہال بھٹہ محلہ سے دو ہفتے قبل 9 سالہ بچے کے اغوا کے بعد قتل کے کیس میں گرفتارملزم شاہ محمد بھٹو کو پولیس ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے عدالت میں پیش نہیں کرسکی ، ملزم کے اعتراف کے بعد بچے کی لاش برآمد کرنے میں پولیس ناکام۔ 2 ہفتے قبل شکارپور کے لکھیدر تھانے کی حدود جمانی ہال بھٹہ محلہ سے 9 سالہ بچہ جواد علی ولد مجاہد علی بھٹو پراسرار طور پر گم ہوگیا تھا، ورثا کی جانب سے متعلقہ تھانے پر معصوم بچے کے گم ہوجانے کی فریاد داخل کرنے پر پولیس نے کارروائی کرکے شاہ محمد بھٹو کو گرفتار کیا اور اعتراف کرنے کے بعد متعلقہ تھانے پر ملزم شاہ محمدسمیت 5 ملزمان کے خلاف اغوا کا کیس داخل کیا گیا جبکہ مزید اعتراف کرنے کے بعد ملزم شاہ محمد نے بتایا کہ بچہ جواد علی بھٹو کو اغوا کرنے کے بعد قتل کیا اور لاش دریا میں بہادی تھی۔ پولیس کے سامنے اعتراف کرنے کے بعد پولیس نے ملزم کو ساتھ لیکر شناخت پریڈ کروائی مگر لاش برآمد نہ ہوسکی۔ دوسری جانب 2 ہفتے گزرنے کے باوجود متعلقہ تھانے کی پولیس نے گرفتار ملزمان کو عدالت سے ریمانڈ لینے کے لیے عدالت میں آج تک پیش نہیں کیا اور پولیس نے تاحال معصوم بچے کی لاش اور قتل کا مقدمہ داخل نہیں کیا جبکہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بااثر شخصیات نے ملزم کو بچانے کے لیے مذکور ہ کیس کو دبانے کی کوشش کی ہے جبکہ معصوم بچے کے گھر میں ماتم برپا ہے۔