قادیانی لابی مصنوعی مظلومیت کا واویلا کرکے پاکستان کو بدنام کر رہی ہے

116

لاہور (نمائندہ جسارت) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی دعوت پرتحصیل شالامار کے علما کرام کا اجلاس جامع مسجد امن باغبانپورہ لاہور میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ضلع لاہور کے سیکرٹری جنرل مولانا قاری علیم الدین شاکرکی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں مولانا عزیزالرحمن ثانی، قاری جمیل الرحمن اختر، پیر رضوان نفیس، مولانا سید ضیا الحسن شاہ، مولانا محمود الرشید حدوٹی، مولانا ظہور الحق، مولانا عبدالحسیب، مولانا خالد محمود، حافظ اخلاق احمد، مولانا کاشف، حافظ عبیدالرحمن معاویہ، حافظ عبیدالرحمن معاویہ، مولانا محمد قاسم گجر، حافظ عبداللہ سمیت سیکڑوں علما اور کارکنان نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عزیزالرحمن ثانی نے کہاکہ اتحاد امت کا مرکزی نقطہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہے،عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کا تحفظ کرنے والے حضور ﷺ کی ذات کے نگہبان اور چوکیدارہیں، قادیانیت کا فتنہ اسلام کی جڑیں کھوکھلی کررہا ہے، قادیانی لابی مسلسل عالمی سطح پر اپنی مصنوعی مظلومیت کا واویلا کرکے اسلام اور پاکستان کے وجود کو بدنام کر رہی ہے۔ علما کرام نے کہا کہ بہت ساری قربانیوں اور صبر آزما جدوجہد کے بعد قادیانیوں کوآئینی اورقانونی طورپر کافر قرار دیا گیا تھا، اپنے اسلاف کی محنت اور جدوجہد کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ اسلام اور آئین پاکستان نے جو اقلیتوں کو حقوق دیے ہیں، وہ پاکستان میں انہیں مکمل طور پر حاصل ہیں لیکن قادیانی آئین پاکستان کو ماننے سے انکاری ہیں۔ قادیانی آئین کو نہ مان کر کھلم کھلا آئین سے انحراف کا ارتکاب کررہے ہیں۔ اجلاس میں یہ فیصلہ تحصیل شالامار کی سطح پر عظیم الشان ختم نبوت کانفرنس 10 اگست کو جامع مسجد قبا ہربنس پورہ لاہور میں منعقد کی جائے گی جس میں تمام مکاتب فکر کے علما کرام اور مختلف جماعتوں کے نمائندگان شرکت کریں گے۔ نیز اجلاس میں ایک انتظامی کمیٹی تشکیل دی گئی جو دعوتی مہم کو چلائے گی۔