معاشی و معاشرتی پریشانیوں کا واحد حل نظام مصطفیٰﷺ کاعملی نفاذ ہے

143

لاہور (نمائندہ جسارت) سنی تحریک لاہور ڈویژن کے زیر اہتمام شہر بھر میں 15 جولائی کو ترک عوام سے اظہار یکجہتی اور خیروبرکت کے لیے یوم درودو سلام منایا گیا اورپورے ملک کی فضائیں درود و سلام کی مقدس صدائوں سے گونج اٹھیں۔ اس سلسلے میں لاکھوں مساجد، مدارس اورخانقاہوں میں درود و سلام کی محافل منعقد کی گئیں، محافل میں اُمت کو درپیش مسائل کے حل، مقبوضہ مسلم ممالک کی آزادی، قیام امن، عالمگیر غلبہ اسلام اور اتحاد عالم اسلام کے لیے خصوصی دعائیںکی گئیں۔ اس موقع پر مرکزی اجتماع جامع عرفان الاسلام لاہور کینٹ میں منعقد ہوا۔ عاشقان رسولﷺ سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل صدر علامہ مجاہد عبدالرسول خان نے کہا کہ نبی کریمﷺ پر درود و سلام بھیجنے کا حکم خود اللہ تعالیٰ نے دیا ہے۔ درود و سلام کی برکت سے ملک میں امن و سکون کی بہار آئے گی۔ یوم درودوسلام منانے پر ترک صدر طیب اردگان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ترکی کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، تمام اسلامی ممالک کو ترک حکومت کے طرزعمل کو اپنانا چاہیے۔ دور حاضر کی معاشی و معاشرتی تمام پریشانیوں کا واحدحل نظام مصطفیٰﷺ کاعملی نفاذ ہے، مسلمان نبی کریمﷺکا دامن رحمت تھام لیں تو دنیاوآخرت کی کامیابیاں انکا مقدر ٹھہریں گی۔ اہل حق پاکستان کو نظام مصطفیﷺ کا گہوارا بنانے کے لیے متحد ہوجائیں۔ پاکستان کی نظریاتی اساس کو ختم کرنے کی سازش کی جارہی ہے، قرآن کے پیغام اور ایمان کی آواز دبنے نہیں دیں گے۔ اس موقع پر علامہ سرفراز سیالوی، علامہ شیر محمد مجتبائی، علامہ شریف الدین قذافی، مفتی محمد سلیم نقشبندی، قاری ریاض ہزاروی، قاری وارث، علامہ وقاص سلطانی، علامہ حافظ رمضان قادری اور علامہ جہانگیر نعیمی و دیگر نے اجتماعات سے خطاب کیا۔