نظام بچانے کیلئے نواز شریف کو گھر جانا ہوگا‘ چودھری برادران

100

لاہور/ اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نظام بچانے کے لیے نواز شریف کو گھر جانا ہوگا، تمام مسلم لیگی اپنی اصل جماعت پاکستان مسلم لیگ میں واپس آ جائیں، ’’جمہوریت‘‘ نوازشریف کی رجسٹرڈ پارٹی نہیں ہے اور نہ ہی کرپشن اور عوام کو دھوکا دینے کا نام جمہوریت ہے، جمہوریت کے ضامن پاکستان کے عوام اور آئینی ادارے ہیں،ہم قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیر اعظم کے استعفے پر اپوزیشن متفق ہے۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عدالت عظمیٰ میں پاناما کیس کا مثبت فیصلہ متوقع ہے، مسلم لیگی ہونے کے ناتے ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنا مثبت کردار ادا کریں، اس سلسلے میں چاروں صوبوں کے دورے کر کے مسلم لیگیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوشش کروں گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر پہلے ن لیگی حکمران مٹھائیاں تقسیم کر رہے تھے تو کسی نے کہا کہ فیصلہ انگریزی میں ہے پہلے اس کو پڑھ لیں، جب فیصلے کی ان کو سمجھ آئی تب سے ان کے چند وزیروں، مشیروں نے نہ صرف جے آئی ٹی بلکہ قومی اداروں کے خلاف آواز بلند کرنا شروع کر دی، جمہوریت نوازشریف نے رجسٹرڈ نہیں کروائی یہ ایک نظام ہے، ن لیگ والے جمہوریت کی آڑ میں چھپنے کی کوشش کرتے ہیں،وزیر اعظم اگراب بھی مستعفی نہیں ہوتے اور اس صورت میں کوئی خرابی ہوتی ہے تو اس کے ذمے دار نوازشریف ہوں گے، ن لیگ میں اچھے لوگ بھی ہیں ہم ان کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ واپس اپنے گھر آ جائیں، مل کر ملک کی خدمت کریں۔ چودھری پرویزالٰہی نے ایک سوال پر کہا کہ 98 فیصد اپوزیشن جماعتیں ایک موقف پر متفق ہیں۔قبل ازیں اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعہ مطالبہ کیا گیا کہ نوازشریف قوم کی آواز پر دھیان دیں اور جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد فوری طور وزارتِ عظمیٰ کے عہدہ سے مستعفی ہو جائیں۔