پاناما ایشو پرحکومت میں دراڑ‘وزراء کی ایک دوسرے کو وارننگ

101

اسلام آباد(آن لائن)پاناما ایشوز سے نمٹنے کے معاملے پر حکمران جماعت میں دراڑ واضح ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے گزشتہ روزوزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو درشت الفاظ پر مشتمل جواب بھیجا جنہوں نے ایک پرائیویٹ ٹی وی چینل پر اپنے اس ساتھی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ وزارت داخلہ کے جاری شدہ بیان میں کہا گیا کہ کابینہ اجلاس میں وزیرداخلہ کی تقریر پرحکومتی وزیر(یعنی احسن اقبال) غلط بیانات سے گریز کریں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ایسے وزراء کی جانب سے غلط بیانات دیے جارہے ہیں جنہوں نے حکومت کو کنارے لگا دیا ہے۔یہ رپورٹس آئی تھیں کہ چودھری نثار نے کابینہ اجلاس میں وزیراعظم کو چاپلوسیوں اور خوشامدیوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا تھا اور دیگر ریاستی اداروں سے نہ الجھنے کا کہا تھا،تاہم حکومت نے ان رپورٹوں کی تردید کی تھی کہ وزیرداخلہ پارٹی قیادت اور اپنے رفقاء سے کوئی اختلاف رکھتے ہیں۔احسن اقبال نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا کہ کابینہ اجلاس نے وزیراعظم کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا،کابینہ اجلاس میں ہر ایک کا اپنا نقطہ نظر تھا اور کوئی بھی پارٹی لائن یا وزیراعظم سے انحراف نہیں کر رہا۔انہوں نے کہاکہہر ایک کا اپنا نکتہ نظر اور پارٹی اس بحران کا سامنا کرے گی جو ہم پر تھوپا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کے بعد تنقیدی بیان آیا جس پرچودھری نثار کو وارننگ جاری کرنا پڑی۔احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ جب وزیراعظم کے خلاف سازش ہورہی ہو تو میرے کردار کی شناخت ایسے ہوگی کہ آیا میں شکایتی مراسلہ لے کر آؤں یا وزیراعظم کی حمایت کروں۔