پولیس کی کارروائیاں، خاتون منشیات فروش سمیت 11 ملزمان گرفتار

150

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 11ملزمان کو گرفتار کر لیا ، گرفتار شدگان میں خاتون منشیات فروش بھی شامل ہے۔تفصیلات کے مطابق یوسف پلازہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر رہائشی عمارت یوسف پلازا میں کارروائی کرتے ہوئے خاتون منشیات فروش سمیت 3ملزمان کو گرفتار کرلیا۔گرفتار منشیات فروش زین اور مصطفیٰ سے چرس اور منشیات فروش سیما سے ہیروئن برآمد ہوئی ،پولیس کے مطابق ملزمہ سیما کافی عرصے سے ہیروئن کی فروخت میں ملوث ہے،تینوں گرفتار ملزمان کے خلاف امتناع منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔بلال کالونی میں پولیس نے گٹکا فروش ممتاز کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 45کلو گرام گٹکا برآمد کرلیا ۔ ادھر کورنگی پولیس نے زمان ٹائون میں کارروائی کرتے ہوئے سلطان نامی ملزم کو گرفتار کر کے 200کلو گرام چرس اور کرنسی نوٹ برآمد کر لیے۔ پیرآباد اور مومن آباد پولیس نے 4 ملزمان بادشاہ ،خرم خان ،بخت زمان اور شیر زاد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان سے منشیات برآمد کر کے ا ن کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ۔ڈاکس پولیس نے دور ان گشت ایک مشکوک ملزم صابر کو گرفتارکرلیا جس کی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول برآمد ہو ئی ،پولیس کے مطابق ملزم صابر عالم کے قبضے سے ملنے والا اسلحہ غیر قانونی ہے،ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔ کورنگی سے پولیس نے بدنام سٹہ آرگنائزر خانو کے کارندے کو 2 کلو چرس اور ہیروئن کے متعدد ٹوکن سمیت گرفتارکرلیا ،ملزم سلطان عرف حوا کے سگے بھائی عمران عرف امی کے قبضے سے نقد رقم بھی ملی،ملزم کے خلاف امتناع منشیات ایکٹ کے تحت کارروائی کی جارہی ہے ۔