اکتوبر1999ء کی طرح سازش ہورہی ہے‘ شیخ آفتاب احمد

138

اٹک(آن لائن)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے ماڑی گائوں کو پانی فراہمی کی بحالی کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے اورملک میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں کو روکنے کے لیے 12اکتوبر1999ء کی طرح کی سازش ہورہی ہے ، وزیر اعظم کا ایک ہی قصور ہے کہ انھوں نے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانے کے لیے بڑے منصوبے شروع کر دیے ہیںاور بعض طاقتیں نہیں چاہتیں کہ پاکستان ترقی کی منازل طے کرے، ان حالات میں قوم کو جاگنا ہوگا اور اپنے قائد کا ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے سارا جال بچھایا جارہا ہے، منصوبے کی کامیابی کے بعد پاکستان کی آمدن میں اضافہ ہوگا اور ہم اربوں ڈالرکمائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر حق اور باطل کی جنگ جاری ہے، حق کی ہمیشہ فتح ہوتی ہے اور باطل مٹ جاتا ہے، میاں برادران نے اپنی جوانیاں اس ملک کو دی ہیںاور پاکستانی قوم کی بہتری کے لیے منصوبے بنائے ہیں، نواز شریف نے موٹر وے بنائی بجلی کے نئے منصوبے بنائے جبکہ شہباز شریف نے میٹرو بنائی اور پنجاب کے اندر دیگراہم منصوبے شروع کیے۔انہوں نے کہا کہ اٹک کو اسلام آباد کے برابر لانے کی کوشش جاری ہے، زرعی یونیورسٹی کا قیام عمل میں آچکا ہے جبکہ میڈیکل کالج کی منظوری ہوچکی ہے جس پر جلد کام شروع ہوجائے گا ۔انہوںنے کہا کہ ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جارہا ہے، تمام منصوبوں پر کام شروع ہوچکا ہے اور یہ تمام منصوبے بھی ہمارے قائد نے شروع کیے تھے۔