اسلام آباد (آن لائن)اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو زبردستی اقتدار سے ہٹانے کی کوششوں میںشریک نہیں ہوں گے تاہم عدالت کا ہر فیصلہ قبول ہوگا ، خیبر پختونخوا میں تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکا دیا گیا ہے ، صوبے میں عمران خان کا کوئی مدمقابل سیاستدان نہیں ہے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایران بھارت اور افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانا ہوںگے،کالا باغ ڈیم پختونوں کی تباہی اور بربادی کا منصوبہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاناما اسکینڈل کیس کا کوئی نتیجہ نکلنے والا نہیں ہے کیونکہ اس میں وزیراعظم کا نام بھی شامل نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے استعفے کے سلسلے میں ہمارا یہ مؤقف ہے کہ بیٹے کی غلطی کی سزا باپ کو نہیں دی جاسکتی ہم نہ وزیراعظم سے استعفا مانگے اور نہ کسی احتجاجی تحریک کا حصہ بنیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جب نیوز لیکس کا معاملہ سامنے آیا تھا تو بعض افراد کی خواہش تھی کہ فوج وزیراعظم کی چھٹی کرادے تاکہ ان کا راستہ ہموار ہوجائے حالانکہ اگر نواز شریف چلے بھی جاتے تو کوئی دوسرا وزیراعظم بن جاتا تاہم نیوز لیکس کے معاملے میں فوج نے جمہوری اداروں کی بالادستی تسلیم کرکے اپنے وقار میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف اقتدار کے دیوانے ہیں اور انہیں سیاست کی کوئی سمجھ بوجھ نہیں نہ جانے ان کی سیاسی تربیت کس نے کی ہے ان کی وزیراعظم بننے کی خواہش اس بار بھی پوری نہیں ہوگی تاہم اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں ہے کہ کہ اس وقت خیبر پختونخوا میں عمران خان کا کوئی مدمقابل نہیں ہے کیونکہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کی خیبر پختونخوا میں کوئی دلچسپی نہیں جبکہ اسفند یار ولی خان علالت کے باعث فعال نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی 4سالہ کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے صوبائی حکومت نے عوام سے جو وعدے کیے تھے وہ پورے نہیں کیے اگر پی ٹی آئی کو صوبے سے کچھ نشستیں ملیں تو وہ بھی عمران خان کی شخصیت کی وجہ سے ملیں گی۔