باسٹھ تریسٹھ پرعمل ہوا تو تمام جرنیل‘ ججز اور سیاستدان فارغ ہوجائینگے‘حاصل بزنجو

189

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیشنل پارٹی کے سربراہ اور وفاقی وزیر سنیٹر میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ آئین کی شق 62,63پر صحیح معنوں میں عمل کرلیا جائے توجنرلز، ججزاورسیاستدانوں سمیت تمام لوگ فارغ ہوجائیں گے۔ ان کے بقول جے آئی ٹی رپورٹ بدنیتی پرمبنی ہے ‘ وزیراعظم نوازشریف عدالت میں چیلنج کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن سندھ کے سینئر نائب صدر شاہ محمد شاہ کی رہائش گاہ پر اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ شاہ محمد شاہ، کھیل داس کوہستانی، مسلم لیگ کراچی کے صدر سید منور رضا، اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ حاصل بزنجو نے کہا کہ جان بوجھ کر بین الاقوامی سازش کے تحت پاکستان کی داخلی صورتحال کو خراب کیا جارہا ہے ،نواز شریف ایسے حالات میں اپنے عہدے سے مستعفی نہ ہوں، صادق اورامین کاکھیل بند کیا جائے، حاصل بزنجونے کہا کہہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں جے آئی ٹی کے حوالے سے جو بھی فیصلہ آئے گا ہم اسے قبول کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کیخلاف عالمی سازشیں بھی کی جارہی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں نثار چودھری کو 90ء سے جانتا ہوں وہ سخت مزاج ضرور ہیںلیکن نواز شریف کو نہیں چھوڑ سکتے۔