تحریک انصاف کی اپنی وکٹ گرگئی‘ مرکزی رہنما ناز بلوچ پیپلزپارٹی میں شامل

176

کراچی/ لاڑکانہ (اسٹاف رپورٹر+آن لائن) تحریک انصاف کی اپنی اہم وکٹ گرگئی ،مرکزی رہنما ناز بلوچ پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئیں۔یہ اعلان انہوں نے اتوارکوپیپلزپارٹی میڈیا سیل میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پروقار مہدی،سعید غنیو دیگر بھی موجود تھے ،شمولیت پر آصفہ زرداری کی مبارکباد۔اس موقع پر ناز بلوچ نے کہا کہ پی ٹی آئی نوجوانوں اور تبدیلی کا نعرہ لگاتے لگاتے خود تبدیل ہو گئی، تحریک انصاف اپنے منشور اور مقصد سے ہٹ چکی ہے ،عمران خان بچی کھچی پارٹی کو بچا لیں۔ آج پارٹی پر یوتھ کے بجائے بزرگوں کا قبضہ ہے اور نوجوانوں کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے افراد تبدیلی کی علامت نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پر کوئی کیچڑاچھالنا نہیں چاہتی مگر یہ اب وہ پارٹی نہیں رہی جس کے لیے ہم نے کام کا آغاز کیا تھا۔ پی ٹی آئی صرف پنجاب تک محدود ہے سندھ خصوصاً کراچی پر عمران خان نے توجہ نہیں دی۔ سندھ میں پی ٹی آئی کا ورکر پارٹی چھوڑرہا ہے ،عمران خان چندگھنٹوں کے لیے کراچی آتے ہیں تو انہیں کراچی کے ورکرز سے دور رکھا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں کام کرتے ہوئے حد سے زیادہ محرومیاں محسوس کیں،تنظیمی فیصلوں میں صرف مرد شامل ہوتے ہیں خواتین کو دور رکھا جاتا ہے،نوجوان کارکن صرف سوشل میڈیا تک محدود ہیں۔نظریاتی کارکن قیادت کے غلط فیصلوں کی وجہ سے پی ٹی آئی چھوڑ کر دوسری جماعتوں میں شامل ہورہے ہیں،میں نے عمران خان سے درخواست کی کہ وہ پارٹی پر توجہ دیں مگر انہوں نے پارٹی کارکنوں کو نظر انداز کیا جبکہ اس کے برعکس پیپلز پارٹی ایسی جماعت ہے جس نے اپنے کارکنوں کو بھی وزارت عظمیٰ کے منصب کے لیے منتخب کیا اور انہیں عزت دی۔انہوں نے کہاکہ میرا تعلق سیاسی گھرانے سے ہے میرے والد بھٹو صاجب کے ساتھ کام کیا تھا،آج دوبارہ اپنے گھر لوٹ آئی ہوں، نوجوانوں کے لیڈر عمران خان نہیں بلاول زرداری ہیں۔اس موقع پروزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نازبلوچ کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ نازبلوچ کی شمولیت سے پیپلز پارٹی مضبوط ہوگی ۔علاوہ ازیںآصفہ زرداری نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی وکٹ گرا دی ۔ انہوں ناز بلوچ کو پیپلزپارٹی میں خوش آمدید کیا اور پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی ۔