ترقیاتی منصوبوں سے پختونخوا اپنے پائوں پر کھڑا ہوجائیگا‘ پرویز خٹک

136

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے دیرپا توانائی اور ترقیاتی منصوبوں کی بدولت آئندہ چند برسوں میں صوبہ اپنے پائوں پر کھڑا ہوجائے گا‘ ہماری آمدنی میں کھربوں روپے سالانہ کا اضافہ ہوجائے گا اور اس ضمن میں ہم دوسروں کی محتاجی کے ساتھ ساتھ وفاق کی زیادتیوں اور چیرہ دستیوں سے بھی کم متاثر ہوںگے۔ انہوں نے فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کی معاونت سے صوبے میں پن بجلی کے منصوبوں، سیمنٹ پلانٹ، پشاور ماڈل ٹائون اور موٹروے پرکرنل شیر سی پیک جیسی عظیم الشان ہائوسنگ اسکیموں اور کرک آئل ریفائنری کے منصوبوں پرکام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتہائی نفع بخش منصوبے ہیں جن سے صوبے کو خطیر آمدن شروع ہوگی۔ وہ چیف منسٹر ہائوس پشاور میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس کو وزیراعلیٰ کے خصوصی اقدامات کے تحت کمرشلائزیشن ، ہائوسنگ اور توانائی کے منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔