جامشورو میں سیاسی کشیدگی برقرار‘ ملک اسد کے حامیوں کا احتجاج بدستور جاری

195

کوٹری (نمائندہ جسارت)ضلع جامشورو بدستور سیاسی کشیدگی کا مرکز بناہوا ہے اور جامشورو میں بھی ملک اسد کے حامیوں کا احتجاج جاری ہے ۔کوٹری کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ریتی بجری کے دو دکے بند کرادیے گئے ہیں جبکہ نوری آباد میں ملک اسدکے مخایفین کی جانب سے مظاہرہ بھی کیا گیا ۔اطلاعات کے مطابق ضلع جامشورومیں بعض سیاسی شخصیات کے مابین پیدا ہونے والے اختلافات کے نتیجے میں جاری کشیدگی کا ماحول برقرارہے ۔پیپلزپارٹی کے ایم این اے ملک اسد سکندر کو سیاسی طورپر بے اختیار بنانے اور ان کے متعلقہ قریبی لوگوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں اور تاحال حالات معمول پر نہ آسکے ہیںجبکہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے ملک اسدسکندر کے قریبی ساتھیوں اورحامیوں کی 12سے زائد نجی ہائوسنگ اسکیموں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کارروائیوں کے خلاف ملک اسد سکندر کے حامیوں اورمنتخب عوامی نمائندوں کی قیادت میں سیکڑوں افراد کی جانب سے گزشتہ چارروز سے احتجاج اور دھرنے کا سلسلہ جاری رہا ،لمس کے قریب انڈس ہائی وے پر ان کے قریبی ساتھیوں کی دو ہائوسنگ اسکیموں ،ریستوران اور شادی ہال منہدم کرنے کے مجوزہ فیصلے پر عملدرآمدکے خلاف چار روز تک احتجاجی کیمپ بھی جاری رہا جس میں مختلف ٹائون ،میونسپل کمیٹیوں، یوسیز کے چیئرمین ،وائس چیئرمین اور کونسلروں سمیت مختلف قبائل سے تعلق رکھنے والے افراد اور برادریوں کے معززین نے بھی شرکت کی ۔ پیپلزپارٹی کے ایم پی اے فقیر داد کھوسو ،ارباب سموں اورسہیل شورو ودیگر کی قیادت میں مشتعل افراد نے احتجاجی مظاہرہ کرکے سخت نعرے بازی کی اور ہونے والی کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سخت مزاحمت کرنے کا الٹی میٹم بھی دیا ۔کوٹری کے قریب بھولاری کے علاقے میں سائٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ریتی بجری کے دو دکے بھی بند رکرادیے گئے ہیں ،کوہستان کے دیہہ ریک کے گوٹھ نبی بخش باریجو سے ایک سال قبل مبینہ طورپر اغوا ہونے والے غلام محمد باریجو کے ورثا نے مغوی کی بازیابی اور اس کے اغوا میں مبینہ طورپر ملوث ایک سردار اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی نوری آباد میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی ۔اس موقع پر مبینہ اغوا ہونے والے غلام محمد باریجو کی والدہ نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے ایک ایم این اے کے کہنے پر مسلح افرادنے اس کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی ،مزاحمت کرنے پر ملزمان غلام محمد باریجو کو اغوا کرکے لے گئے۔