جے آئی ٹی میں ہمارے نمائندوں نے ایمانداری سے کام کیا‘ فوجی ترجمان

89

اسلام آباد( آن لائن )پاک فوج کے ترجمان میجرجنرل آصف غفورنے کہاہے کہ پاناما کیس کی جے آئی ٹی میں ہمارے دونوں نمائندوں نے ایمانداری سے کام کیا۔ان کے بقول جے آئی ٹی عدالت عظمیٰ کے حکم پر تشکیل دی گئی تھی اسے فوج کا براہ راست کوئی تعلق نہیں،ہم وہ کام کررہے ہیں جو پاکستان کی سیکورٹی اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔ اتوار کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ راجگال اور شوال میں ’’آپریشن خیبر فور‘‘ کا آغاز کر دیاگیا ہے،یہ آپریشن ردالفسادکاحصہ ہے،راجگال میں آپریشن کامقصد داعش کوختم کرناہے۔فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ ورک سمیت تمام دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ راجگال فاٹاکا سب سے مشکل علاقہ ہے،یہاں 500 خاندان رہتے ہیں، زمینی حقائق کے اعتبارسے یہ آپریشن مشکل ہوگا، پاکستان ائرفورس بھی آپریشن میں مددکرے گی۔ آصف غفور نے بتایا کہ خیبرایجنسی کے دوسری جانب افغانستان میں داعش کی سرگرمی بڑھتی جارہی ہے، پاراچناردھماکے میں داعش کے شواہد ملے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں مذہبی انتہاپسندی کا خاتمہ ہمارا ہدف تھے۔یہاں 13بڑے آپریشن کیے گئے۔فوجی ترجمان نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی اور اغواء کی وارداتوں میں 96فیصد کمی آئی ہے، پانی کے مسائل کوبھی حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ آصف غفور کے مطابق بھارت مسئلہ کشمیرسے توجہ ہٹانے کے لیے کنٹرول لائن پرسیزفائرکی خلاف ورزی کررہاہے اورشہری آبادی کونشانہ بنارہاہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کو بہرصورت کامیاب بنائیں گے ۔ فوجی ترجما ن نے بتایا کہ بھارتی جاسوس کل بھوشن نے دوبارہ رحم کی اپیل کی ہے جس کا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جائزہ لے رہے ہیں ، ا س حوالے سے فیصلہ میرٹ پرکیا جائے گا۔امریکی سی آئی اے کنٹریکٹر ریمنڈ ڈیوس کی شائع ہونے والی کتاب سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں آصف غفور نے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے پاکستان کے مفاد کو دیکھنا ہے،ریمنڈ ڈیوس کی کتاب کے کچھ خاص مقاصد ہیں جو وقت گزرنے پر سامنے آجائیں گے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو بھی محب وطن پاکستانی ہیں وہ پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم کا حصہ نہیں ہیں، یہ صرف وہ لوگ ہیں جو پاکستان سے مخلص نہیں ہیں اور بیرونی عناصر کے ساتھ مل کر پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں، ان کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاک فوج موجودہ شدید بارشوں میں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور اس کے لیے ہر قسم کے اقدامات کرلیے گئے ہیں۔