خیبر اسپورٹس ویلفیئر فورم کے زیر اہتمام جمرود میں آئس نشے کے خلاف آگاہی کیمپ، واک کا اہتمام

143

جمرود (جسارت نیوز ) خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود کے علاقہ ٹیڈی بازار میں خیبر ا سپورٹس ویلفیئر فورم کے زیر اہتمام جمرود میں آئس نشے کے خلاف آگاہی مہم کیمپ لگایا گیا جسمیں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔ آگاہی مہم کے دوران مولانہ عبدالصبور حقانی نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں نشہ آور چیزوں کی اسلام میںممانعت پر زور دیا اور لوگوں کو نشے کے نقصانات سے آگاہ کیا۔سماجی کارکنان میں زرغون شاہ، نسبت علی، جمال آفریدی، شہزاد خان اور تاج محل نے تقاریر میں آئس نشے کے ممانعت اور روکتھام پر زور دیا۔ آگاہی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے 20سال سے آئس کے نشہ میں مبتلہ راجہ خان نے نوجوانوںسے مخاطب کرتے ہوئے مختصر تقریر میں کہا کہ نشئی انسان معاشرے میں ذلیل و خوار ہوتا ہے اور انکو زلت کے سوا کچھ نہیں ملتا۔ اس موقع پر خیبر ا سپورٹس ویلفیئر فورم کے صدر معراج آفریدی نے کہا کہ ہم سب کو چاہئے کہ اپنے جوانوں ، بچوں اور بھائیوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کریں۔ اور انکو صحت بخش ماحول مہیا کرنے کیلئے اہم کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر ا سپورٹس ویلفیئر فورم کا قیام صرف کھیل و تفریح کیلئے سازگار ماحول مہیا کرنا نہیں بلکہ نوجوانوں کو بھی نشوں اور دوسرے منفی سرگرمیوں سے روکنا ہے۔ اگاہی مہم کے دوران جمرود کے مختلف علاقوں میں خیبر ا سپورٹس ویلفیئر فورم کے رضاکاروں نے آئس نشے کیخلاف پمفلٹ تقسیم کیے اور آگاہی واک بھی کیا۔ واضح رہے کہ اس مہم کے پہلے ہی روزآئس کے نشے میں مبتلا 5 افراد نے نشہ چھوڑنے اور علاج کیلئے مالی معاونت کی درخواست کی۔