کراچی(اسٹاف رپورٹر ) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کرپشن اور رشوت کا سرطان نیچے سے اوپر تک پھیلا ہوا ہے، سامراجی ممالک نے ملک کو سودی قرضوں کے جال میں جکڑ رکھا ہے ۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے ترکی میں فوجی بغاوت کی ناکامی کو ایک سال مکمل ہونے پر ترکی کے عوام سے اظہاریکجہتی کی تقریبات سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ مستقبل کیلیے ایسے نظام کی جدوجہد کرنا ہوگی جس میں سودی نظام کی لعنت نہ ہو ،سرکاری تعلیمی اداروں میں علم کی موت واقع ہوچکی ہے، مظلوم غریب عوام کو سرکاری اسکولوں میں بھی تعلیم مہیا نہیں ہوتی ہے ،عوام کو تعلیم سے دور کرنے والے عوامی انقلاب ترقی وخوشحالی کا فروغ نہیں چاہتے ،عوام میں شعور اور تعلیم ہوگی تو سیاسی وڈیرے ،جاگیر دار، سرمایہ دار عوام کوبے وقوف نہیں بنا سکیں گے ،پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست اور دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانے کیلیے جدوجہد کرتے رہیں گے،اسلامی ممالک کواستحصالی قوتوں سے چھٹکارا دلانے کیلیے مسلم ممالک کے سربراہوں کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا ،او آئی سی مسلم ممالک میں امریکا ،اسرائیل اور دیگر یورپی ممالک کے اثر ورسوخ اور تسلط کو ختم کرنے کیلیے فعال کردار ادا کرے ،ترکی میں بغاوت کو ناکام بنانے میں عوامی یکجہتی اور سیاسی شعور دیکھنے میں آیا ،ترکی کے عوام اندرونی وبیرونی استحصالی قوتوں کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ ترکی نے دنیا کے بہترین اور ترقی یافتہ ممالک میں اپنی جگہ بنا رکھی ہے ۔