ریمنڈ ڈیوس معاملے پروزارت اور پی پی سے استعفا دیا‘ محمود قریشی

154

اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ریمنڈڈیوس کے معاملے پر وزارت اور پی پی سے استعفا دیا‘ ریمنڈ ڈیوس سفارتکار نہیں تھا وہ خاص مشن پر پاکستان آیا تھا‘ پنجاب حکومت اور شہباز شریف نے اس کی رہائی کے لیے راستے بنائے‘ نواز شریف کو نئے وزیراعظم کے لیے اپنے کسی پارٹی رکن پر اعتماد نہیں تو اسمبلیاں تحلیل کر کے نئے الیکشن کرالیں‘پاناما لیکس کے ایشو کو تحریک انصاف اور عمران خان نے زندہ رکھا۔ انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ پیپلزپارٹی پر جب یہ وقت آیا تھا تو یوسف گیلانی کی جگہ راجا پرویز اشرف کو وزیر اعظم بنا دیا گیا اور جمہوریت کا تسلسل جاری رہا‘ اگر نواز شریف کو اپنے کسی پارلیمنٹرین پراعتماد نہیں تو اسمبلیاں تحلیل کر کے نئے الیکشن کرالیں‘جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ نے عوام کے ساتھ دھوکا کیا ہے ‘ پیپلزپارٹی کو آصف علی زرداری نے دفن کر دیا اور اس کو زرداری لیگ بنا دیا اس لیے لوگ پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس سفارتکار نہیں تھا‘ امریکا نے ویانہ کنونشن کے تحت ناجائز استثنا مانگا‘ میں نے اس کی مخالفت کی اور آصف علی زرداری اور یوسف گیلانی کو قائل کرنے کی کوشش کی وہ بضد تھے ان پر دبائو تھا‘میں نے دبائو برداشت کیا اور میں مستعفی ہو کر علیحدہ ہو گیا‘ ریمنڈ ڈیوس کوٹ لکھپت جیل میں تھا‘ پنجاب حکومت اور شہباز شریف نے ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے لیے راہ ہموار کی۔