طاقتور کمزورپرظلم توڑ رہا ہے‘ کوئی پوچھنے والا نہیں‘ مصطفی کمال

115

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ وہ قومیں کبھی ترقی نہیں کر سکتیں جو اپنے حالات تبدیل کرنا نہیں چاہتیں، ہمیں اپنے حقوق کے لئے خود اٹھنا پڑے گا جبھی ہمارے مسائل حل ہوں گے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے ناظم آباد میںجنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انیس قائم خانی، کراچی ڈویڑن کے صدر آصف حسنین اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ طاقتور کمزور پر ظلم کے پہاڑ گرا رہا ہے مگر کوئی اسے پوچھنے والا نہیں ہماری تقدیر ہمارے ہاتھوں میں ہے، تقدیر کو بدلنے کیلیے آسمان سے فرشتے نہیں اتریں گے ۔قبل ازیں سید مصطفی کمال نے ملک بھر میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی ومالی نقصانات پر دکھ و افسوس کا اظہارکرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کی فوری بحالی اور امداد کا انتظام کیا جائے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کے باعث ندی، برساتی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے جس کی وجہ سے گھروں، دفاتر، اسپتالوں اور عبادتگاہوں میں پانی داخل ہوگیا ہے اور عوام حکومتی و انتظامی نا اہلی کی وجہ سے اپنی مدد آپ کے تحت ریلیف کے کام کرنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی، صوبائی اور شہری حکومتیں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہ کریں اور فوٹو سیشن کے بجائے عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بروقت انتظامات کر کے اپنے فرائض کی انجام دہی کریں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کمی ممکن ہوسکے۔