عدالت عظمیٰ میں جے آئی ٹی رپورٹ کی پہلی سماعت آج ہوگی

126

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاناما کیس کا فائنل راؤنڈ آج سے شروع ہو رہا ہے عدالت عظمیٰ کا 3 رکنی بینچ جے آئی ٹی رپورٹ پر سماعت کرے گا، وفاقی وزرا، تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور عوامی مسلم لیگ کے علاوہ پیپلز پارٹی کا وفد بھی سماعت سننے عدالت عظمیٰ جائے گا۔دوسری جانب شریف خاندان نے رپورٹ کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مخالف فریقین نے بھی ہنگامہ خیز فائنل قانونی راؤنڈ کے لیے لنگوٹ کس لیا ہے۔جسٹس اعجاز افضل، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 3 رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ خواجہ حارث کی سربراہی میں شریف خاندان کے وکلا کی ٹیم جے آئی ٹی رپورٹ کو چیلنج کرنے کے لیے درخواست دائر کرے گی۔دوسری طرف اٹارنی جنرل آفس نے 10 جولائی کو جاری حکم کی تعمیل میں خواجہ سعد رفیق، طلال چودھری اور آصف کرمانی کی تقاریر کے متن عدالت عظمیٰ میں جمع کرا دیے۔ انتظامیہ نے عدالت عظمیٰ کے گرد اضافی خاردار تار لگا دی ہیں۔ سماعت کے دوران ریڈ زون سیل کر دیا جائے گا، غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ بند ہو گا۔