قوم لٹیروں کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں دیکھناچاہتی ہے ،راشد نسیم

79

لاہور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں ایک اسلامی مملکت کے سربراہ اور ان کے خاندان کی لوٹ مار اور کرپشن کے جو ثبوت سامنے آئے ہیں ، اس سے بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ اور پاکستان کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کی روحیں تڑپ اٹھی ہیں ۔ ایک طرف کروڑوں عوام پینے کے صاف پانی ، تعلیم ، صحت اور روزگار جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں اور دوسری طرف اقتدار پر مسلط چند خاندانوں نے عوام کے خون پسینے کی کمائی سے بیرون ملک محل تعمیر کر لیے ہیں ۔اب قوم کی آخری امید عدالت عالیہ ہے ۔ قوم لٹیروں کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں اور پائوں میں بیڑیاں دیکھناچاہتی ہے اگر ملک میں قرآن و سنت کے تابع حکومت ہوتی تو یہ لوٹ کھسوٹ کا کلچر نہ ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں جاری پانچ روزہ تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ راشد نسیم نے کہاکہ وزیراعظم عدالت عظمیٰ کے دو ججوں کی طرف سے سنائے جانے والے نااہلی کے فیصلے کے بعد حکمرانی کا اخلاقی جواز کھو چکے تھے مگر قوم نے انہیں برداشت کیا اور جے آئی ٹی کی رپورٹ کا انتظار کیا اب جبکہ جے آئی ٹی نے دو ماہ تک پورے ریکارڈ کی چھان بین کے بعد وزیراعظم اور ان کے خاندان کو غیر قانونی اثاثے بنانے کا مجرم قرار دیدیا ہے تو وزیراعظم کو فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے تھا ،مگر وزیراعظم کی طرف سے ڈھٹائی اور ہٹ دھرمی کی ناقابل یقین مثال سامنے آئی ہے کہ سب کچھ دو اور دو چار کی طرح واضح ہونے کے باوجود وہ ناصرف استعفا دینے سے انکاری ہیں ، بلکہ عدالت عالیہ اور اداروں کو دھمکا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جو لوگ وزیراعظم کو ڈٹ جانے کے مشورے دیتے ہیں اور جان نثار ہونے کے نعرے لگا رہے ہیں جب وزیراعظم قانون کے شکنجے میں پھنسے تو کوئی نظر نہیں آئے گا ۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف کو ذہن میں رکھناچاہیے کہ جب انہیں مشرف نے اقتدار سے نکال کر ملک بدر کیا تھا ، اس وقت بھی انہیں ’’بھاری مینڈیٹ‘‘ حاصل تھا، لیکن عوام اٹھے نہ نعرے لگانے والے نام نہاد مسلم لیگی کارکنوں نے پلٹ کر دیکھا۔