مسلم لیگ (ن) میں کوئی فارو رڈ بلاک نہیں ،شاہینہ حبیب الرحمن

143

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی جنرل سیکرٹری شاہینہ حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کیس میں میاں نواز شریف سرخرو ہوںگے۔ ہمیں عدالت عظمیٰ سے امید ہے کہ وہ انصاف پر مبنی فیصلہ کرے گی۔ نواز شریف عوام کے منتخب وزیراعظم ہیں جنہیں عوامی مینڈیٹ حاصل ہے۔ اپوزیشن یا سازشی عناصر کے مطالبے پر استعفا نہیں دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) میں کوئی فارو رڈ بلاک نہیں ہے۔ آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) کارکردگی کی بنیاد پر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ خواتین کارکنان مرکزی صدر سینیٹر نزہت صادق کی قیادت میں متحد ہیں۔ خواتین اپنے محبوب قائد میاں نواز شریف کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنانے میں ہر اول دستے کا کردار اداکریں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین سندھ کے زیر اہتمام مسلم لیگ کارساز ہائوس میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لیے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رکن سندھ اسمبلی صورت تھیبو، ن لیگ شعبہ خواتین سندھ کی صدر زاہدہ بھنڈ، کراچی ڈویژن کی صدر مہناز اختراور جنرل سیکرٹری جمیلہ ظفر سمیت خواتین کارکنان کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر ایک قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے مکمل اظہار یکجہتی بھی کیا گیا اور ان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔ شاہینہ حبیب الرحمن نے کہا کہ پاناما پیپرز کا معاملہ بھی سازش ہے۔ یہ دھرنا 3 کی سازش کا حصہ ہے۔ دھرنا 1 سازش اور دھرنا 2 سازش ناکام ہوچکی ہے اور اب دھرنا 3 سازش بھی ناکام ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم بننے کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ وہ چور دروازے سے وزیراعظم بننا چاہتے ہیں۔ یہ خواہش ان کی کبھی پوری نہیں ہوگی۔ اگر عمران خان خیبرپختونخوا پر توجہ دیتے تو شاید وہ قومی سطح کے لیڈر بن جاتے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نیب سے خوفزدہ ہو کر سندھ میں اس لیے قانون سازی کررہی ہے کہ اپنی کرپشن میں ملوث لوگوں کو بچاسکے۔ اس موقع پر سورٹھ تھیبو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا شور مچانا ایسے ہے کہ جیسے چور مچائے شور۔