نوازشریف کا احتساب ہوا تو زرداری،عمران بھی نہیں بچ سکتے،وجیہہ الدین

108

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عام لوگ پارٹی کے چیئرمین جسٹس(ر) وجیہہ الدین احمد نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی نے پاناما کیس کی تحقیقات کے دوران وزیراعظم اور ان کے خاندان کے بارے میں سنگین الزامات عائد کیے ہیں، امکان ہے کہ عدالت عظمیٰ وزیراعظم نواز شریف کو آئین کے آرٹیکل 62.B کے تحت نااہل قرار دے سکتی ہے، اگر نواز شریف کا احتساب ہوا تو پھر آصف زرداری اور عمران خان بھی احتساب سے بچ نہیں سکتے۔ موجودہ صورتحال میں چھوٹی اور ترقی پسند جماعتوں کو چاہیے کہ اگر بڑی جماعتوں کی قیادت کے احتساب سے جو ممکنہ طور پر سیاسی خلا پیدا ہوا وہ اس خلا کو پر کرنے میں اپنا کردارا دا کریں۔ ملک کو اس وقت معراج محمد خان کے منشور اور وژن جیسی جمہوریت کی ضرورت ہے۔ معراج محمد خان متوسط طبقے کے حقیقی رہنما تھے۔ جنہوں نے ساری زندگی مظلوم اور محکوم طبقے کے حقوق کے حصول کیلیے جدوجہد کی۔ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم معراج محمد خان کے مشن کوجاری رکھیں گے۔ وہ اتوار کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف لیبر ایڈمنسٹریشن اینڈ ٹریننگ (نیلاٹ) میں احباب معراج محمد خان کے تحت متوسط طبقے اور مزدوروں کے ترجمان ’’معراج محمد خان‘‘ کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔انھوں نے کہا کہ ہم معراج محمد خان کے منشور اور وژن کے مطابق اگلے انتخابات کی تیاریاں کررہے ہیں۔