نواز شریف ریڈ کارڈ دکھانے سے قبل اقتدار سے الگ ہوجائیں‘ بلاور زرداری

151

کراچی/ اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک+ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے کہ ہر پاکستانی نواز شریف کو ریڈ کارڈ دکھائے انہیں اقتدار سے الگ ہو جانا چاہیے۔ کراچی سے جاری ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے وعدہ کیا تھا کہ اگر شواہد ان کے خلاف آئے تو وہ مستعفی ہو جائیں گے، ثبوتوں سے بھرا پورا ڈبہ سامنے آنے کے بعد نواز شریف اپنے وعدے سے مکر گئے ہیں، لیکن اب ان کے پاس مستعفی ہونے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنے جرائم و میگا کرپشن کو چھپانے کے لیے اداروں سے تصادم سے گریز کریں، کیا یہ باعثِ تعجب نہیں کہ پاناما کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق شریف فیملی کے ہر فرد نے ایک سال کے اندر اپنے اثاثوں میں 166 فیصد اضافہ کیا۔ بلاول زرداری نے ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں نواز شریف اور ان کے وزرا کے خلاف احتجاج کی ابتدا کرنے پر جنوبی پنجاب کے کارکنان و رہنماؤں کی تعریف بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان نواز شریف کے استعفے تک ’گو نواز گو‘ کے نعرے لگاتے رہیں گے، ، عوام احتجاج کے ذریعے نواز شریف کو بتادیں کہ 20 کروڑ پاکستانی ان کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔بعد ازاں اپنے ٹویٹ میں بلاول زرداری نے کہا کہ ’احتساب جمہوریت کا حصہ ہے، ہم ہمیشہ سے کسی فرد کی نہیں بلکہ جمہوریت کی حمایت کرتے ہیں اور پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، جبکہ نواز شریف کو بہر صورت مستعفی ہونا ہوگا۔علاوہ ازیںملک کی صورتحال پر سیاسی حکمت عملی بنانے کے لییپارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹر رحمان ملک کو آصف زرداری نے دبئی بلا لیا ہے اور وہ یورپ کا دورہ مختصر کر کے دبئی پہنچ گئے ہیں ۔