نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے

116

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالنے والے عظیم لیڈر ہیں، جن کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منزل کی جانب رواں دواں ہوا ہے اور منصوبوں میں شفافیت اور رفتار کے ایسے معیار قائم کیے گئے ہیں جس کی مثال پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں نہیں ملتی۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں منصوبوں میں اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے گئے ہیں اور پاکستان کی تاریخ میں قومی وسائل بچانے کی ایسی کوئی مثال موجود نہیں۔ایسی مخلص قیادت پر بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں جس نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے اعلیٰ معیار قائم کیے ہیں اور قومی وسائل کو امانت سمجھ کر دیانتداری کے ساتھ فلاح عامہ کے منصوبوں پر صرف کیا ہے۔ قوم و ملک پر 20 سال سے چھائے اندھیرے دور کرنے کے حوالے سے وزیراعظم محمد نوازشریف کے تاریخی کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ترقی کا راستہ روکنے والوں کے منفی طرز عمل اور منفی کردار کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا منشور محروم معیشت طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں حکومت اپنے منشور پر کامیابی سے عمل پیرا ہے۔ عوام نے مسلم لیگ (ن) کو خدمت کا جو مینڈیٹ دیا تھا، اس کی پوری لاج رکھی ہے اور تیز رفتار ترقی اور مکمل ہونے والے بڑے منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ مسترد شدہ سیاسی عناصر ہوس اقتدار کی خاطر ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ چور دروازوں سے اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفد اور رکن قومی اسمبلی رائو محمد اجمل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔