چوبیس جولائی سے پری حج آپریشن کیلیے ائرپورٹس پرتیاریوں کا آغاز

157

فیصل آباد (اے پی پی) ملک میں 24 جولائی سے پری حج آپریشن کے لیے تمام ائرپورٹس پرتیاریوں کا آغازکردیا گیا ہے‘ امسال ایک لاکھ 80 ہزار عازمین فریضہ حج کی سعادت کے لیے حجاز مقدس جائیں گے ‘ وزارت مذہبی امور نے تمام عازمین حج کو پرواز سے 10 دن پہلے پولیو، گردن توڑ بخار اور نزلہ کی ویکسی نیشن کرانے کی ہدایت کی ہے۔ ڈائریکٹو ریٹ آف حج کے ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ سالوں کے حج آپریشنز کے تما م امور کو مد نظر رکھتے ہوئے اس بار مزید فول پروف اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ فریضہ حج کی سعادت کے لیے روانہ ہونے والوں کو کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے‘ رواں سال ایک لاکھ 9 ہزار فرزندان توحید سرکاری حج اسکیم اور71 ہزار عازمین پرائیویٹ اسکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کریں گے‘ سعودی حکومت کی جانب سے پاکستانی پرائیویٹ حج کمپنیوں کی حتمی فہرست ای حج پر جاری کر دی گئی ہے جن میں 743 پرانی اور28 نئی کمپنیاں شامل ہیں‘ عازمین حج کو پی آئی اے اور سعودی ائر لائنز سمیت دیگر ائر لائنز کے ذریعے سعودی عرب پہنچایا جائے گا‘ عازمین فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد 6 ستمبر سے وطن واپس پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔ علاوہ وزارت مذہبی امور نے تمام عازمین حج سے درخواست کی ہے کہ اپنی حج پرواز سے 10 دن پہلے متعلقہ حاجی کیمپ سے پولیو، گردن توڑ بخار اور نزلہ کی مفت ویکسی نیشن ضرور کرا لیں تاکہ سعودی عرب میں قیام کے دوران بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔ ذرائع نے بتایا کہ حج کے لیے ویزا لگا پاسپورٹ ، ٹکٹ اور گلے کا لاکٹ پرواز سے2 دن قبل متعلقہ حاجی کیمپ سے ملے گا۔