کراچی میں نالوں کی صفائی کی ذمے داری کے ڈی اے کے سپرد

190

کراچی (رپورٹ :محمد انور ) حکومت سندھ نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے برساتی نالوں کی صفائی نہیں کیے جانے کی وجہ سے نالوں کی صفائی کی ذمے داری کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی(کے ڈی اے ) کے سپرد کردی ہے ۔تاہم برساتی نالوں کی صفائی نہ کرنے اور برسات کے دوران چھٹیوں پر چلے جانے پر بھی بلدیہ عظمیٰ کے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز کو معطل بھی نہیں کیا جاسکا۔سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت نے واضح احکامات کے باوجود شہر کے برساتی نالوں کی صفائی نہ کرنے کا نوٹس لیکر گجر نالہ اور محمود آباد نالے سمیت شہر کے دیگر برساتی نالوں کا کنٹرول کے ڈی اے کے حوالے کردیا ہے اور اسے ہدایت کی گئی ہے جلد سے جلد نالوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے ۔یا درہے کہ شہر کے نالوں کی صفائی اور ان کی دیکھ بھال کی ذمے داری ایک عرصے سے بلدیہ کراچی کے پاس ہے مگر بلدیہ کا محکمہ میونسپل سروسیز سالانہ کروڑوں روپے کے خرچ کرنے کے باوجود ان کی صفائی نہیں کررہا ہے ۔ اس محکمے کے سینئر ڈائریکٹر جو گزشتہ آٹھ سال سے یہاں تعینات ہیں مبینہ طور پر میئر اور دیگر حکام کے چہیتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے خلاف کسی قسم کی کارروائی بھی نہیں کی جاتی۔حال ہی میں حکومت کے سیکریٹر ی بلدیات محمد رمضان اعوان نے بھی وزیراعلیٰ سندھ کو ایک سمری میں سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعودعالم کو معطل کرکے ان کی خلاف انکوائری کی سفارش کی ہے ۔ تاہم تاحال نہ تو انہیں معطل کیا گیا اور نہ ہی ان کے خلاف انکوائری شروع کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اس بات کا نوٹس لیا ہے کہ نالے صاف نہ کیے جانے کی وجہ سے بارشوں کے نکاسی آب کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہے ۔حکومت نے کے ایم سی کی جانب سے نالے نہ صاف کیے جانے کی وجہ سے اب نالوں کی صفائی کی ذمے داری کے ڈی اے کے حوالے کردی ہے۔اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے ناصر عباس سے نمائندہ جسارت نے رابطہ کیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ گجر نالہ ،محمود آبادنالے سمیت دیگر برساتی نالوں کی صفائی اور دیکھ بھال و دیکھ بھال کی ذمے داری حکومت نے کے ڈی اے کو تفویض کردی ہے ۔ ڈی جی نے بتایا کہ کے ڈی اے نے برسات کے موسم کے دوران ہنگامی حالات کا اعلان کرکے اپنی حدود میں نالوں کی صفائی کا کام بھی شروع کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس ضمن میں سالانہ ترقیات کے بجٹ سے فنڈز بھی جاری کرچکی ہے۔ناصر عباس کا کہنا ہے کہ شہر کی بہتری کے لیے ہر کام کیا جائے گا جس کی ذمے داری حکومت کی طرف سے دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا ہے کہ کے ڈی اے نئی اسکیم شروع کرنے پر بھی غور کررہی ہے جبکہ لینڈ مافیا کے خلاف ادارہ کی جانب سے کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ کورنگی اور سرجانی ٹائون میں سیکڑوں ایکڑ اراضی کو لینڈ مافیا کے قبضے سے آزاد کرالیا گیا ہے۔