کسی کے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا،پی ٹی آئی

185

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف سندھ کے سیکرٹری اطلاعات الیاس شیخ نے ناز بلوچ کی پیپلز پارٹی میں شمولیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے، کسی عام کارکن کے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ جہاں تک ناز بلوچ کا تعلق ہے وہ پچھلے سال رمضان میں دبئی گئی تھیں اور ان کے آنے جانے کا خرچہ پی ٹی آئی اوورسیز کے کارکنان نے اٹھایا تھا، جہاںپرناز بلوچ نے پارٹی کے نام پر فنڈنگ کی اور وہ رقم پارٹی کو نہیں دی گئی بلکہ اپنی جیب میں ڈالی گئی۔2013ء کے انتخابات میں پارٹی نے ا ن کو قومی اسمبلی کا ٹکٹ دیا اور ساتھ ہی الیکشن مہم کے لیے 4لاکھ روپے خرچہ دیا گیا۔ انہوں نے 4 لاکھ روپے الیکشن مہم کے بجائے اپنی جیب میں ڈالے اور اس حلقے کے نیچے صوبائی اسمبلی کے پی ٹی آئی کے امیدوار کے لیے ووٹ مانگنے کے بجائے پیپلزپارٹی کے امیدوار اپنے والد عبد اللہ بلوچ کے لیے ووٹ مانگتی رہیں۔ اسی الیکشن کے دوران پی ٹی آئی کے صوبائی امیدوار ہمایوں خان سواتی نے ان کے حوالے سے پارٹی قیادت کو شکایت کی اور اسی شکایت پر پارٹی نے ان کو اہمیت دینا ختم کردی تھی اس لیے ان کے پاس کوئی تنظیمی ذمے داری بھی نہیں تھی۔پچھلے ماہ حقوق کراچی مارچ کے دوران انہوں نے ایک بار پھر ڈسپلن کی خلاف ورزی کی جس پر انہیں دوماہ کے لیے معطل کیا گیا تھا۔ اس لیے پی ٹی آئی کراچی کی قیادت ان کواہمیت نہیں دے رہی تھی۔