نیشنل بینک میں دھوکہ دہی‘ مجرمانہ غفلت برداشت نہیں کی جائیگی‘ سعید احمد

661

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیشنل بینک آف پاکستان کے صدرسعید احمد نے این بی پی کی علاقائی انتظامیہ اور مرکزی دفتر کے عملہ سے خطاب کرتے ہوئے مسابقتی برتری حاصل کرنے کی غرض سے کسٹمر سروس کی اہمیت پر زوردیا ہے۔ وہ ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جس میں پورے ملک سے این بی پی سے تعلق رکھنے والے 100 سے زائد افراد نے شرکت کی۔اس کانفرنس کا موضوع ’’صارفین کی خوشیاں۔ہماری کامیابی‘‘(Happy Customer – Our Success) تھا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک کاایک بھی کسٹمر اگرناخوش ہے اور ادارے کی سروس سے مطمئن نہیں تو وہ اپنے کام کو نامکمل سمجھیں گے ۔بہترین کسٹمر سروس کامیابی کی ضمانت ہے جس کی وجہ سے کاروبار کے حجم اور منافع کی شرح میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے بینکاری کے ماحول کو مستحکم قرار دیتے ہوئے بے جا خردبرد کوروکنے کے لیے اسے مناسب طریقے سے کنٹرول کرنے کی ضرورت پر زور دیاجو بینک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور منافع کو کم کرنے کا باعث ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ نیشنل بینک میں دھوکہ دہی اور مجرمانہ غفلت کو بالکل برداشت نہیں کیا جاتا اوراس قسم کے معالات میں ملوث افراد کیخلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔کانفرنس کے دوران علاقائی سیٹ اپ کی تنظیم نو اور اسے بااختیار بنانے کی تجویز پربھی غور کیا گیا ۔کانفرنس کے دوران علاقائی سیٹ ا پ کی تنظیم نو اوراسے بااختیار بنانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔اس حوالے سے نیشنل بینک صدر نے کہا کہ علاقائی سیٹ اپ کو مضبوط بنانے کا مقصد بہتر کسٹمر سروس، فیلڈ میں کام کرنے والے دفاتر کے لیے زیادہ اختیار، جواب دہی میں اضافہ اور برانچ/علاقائی عملہ کی فیصلہ سازی میں شمولیت ہے۔انہوں نے کاروبار کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے فیلڈمیں کام کرنے والے عملے کو سازگار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔مباحثے کے دوران پریزیڈنٹ ٹاسک فور س کے رکن، فیصل احمد، متعلقہ گروپ ہیڈز اور خودصدرنے علاقائی انتظامی ٹیم کی جانب سے مختلف خدشات کا تسلی بخش انداز میں جواب دیا۔ تجویز پر وضاحت سے بات کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ کمرشل اورچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری شعبوںکے لیے خصوصی سروس سینٹر قائم کر کے کریڈٹ پروپوزل کے ٹرن ارائونڈ وقت میں اضافے کے حوالے سے پرانی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایسے علاقے اور پروسیسز جو سسٹم سے مطابقت نہیں رکھتے ہیں ان کا ترجیحی بنیادوں پرجائزہ لیا جائے گا۔صدر نیشنل بینک آف پاکستان نے زور دیا کہ اب ’ڈیجیٹل بینکاری‘ کا مستقبل ہے اور ہمیں اپنے آئی ٹی پلیٹ فارم کو ہنگامی بنیادوں پر اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نئی پروڈکٹس متعارف کرا سکیں۔ اسلامی بینکاری کے کاروبار پر زور دیتے ہوئے،اپنے خطاب میں،ہیڈ آف اسلامی بینکاری گروپ، خواجہ امین الاعظم نے کاروبارکی ترقی کوفروغ دینے کے لیے روایتی بینکاری اور اسلامی بینکاری کے درمیان بہترتعاون پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران نیشنل بینک کی اسلامی بینکاری کی برانچوں میں اضافہ ہوا ہے، تاہم، مجموعی کاروباری پورٹ فولیو میں اسلامی بینکاری کے کاروبار کے حصہ کو بہتر بنانے کے لیے ابھی بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔نیشنل بینک کے صدر نے اسلامی بینکاری کے پورٹ فولیو میں قابل ذکر اضافے کے لیے کوششوں کی ضرورت پربھی زور دیا اور کہا کہ اسے پاکستان میں اسلامی بینکاری کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ویژن کے مطابق بنانے کی ضرورت بھی ہے۔