الخدمت فائونڈیشن نے 108,372 مستحق خاندانوں میں رمضان فوڈ پیکجز تقسیم کیے

82

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت )الخدمت فاؤنڈیشن نے رمضان المبارک میں ملک بھر کے نادار اور مستحق افرادمیں تقسیم کیے جانے والے رمضان فوڈ پیکجز کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کردیے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے سماجی خدمات پروگرام کے تحت ملک بھر میں فوڈ پیکجز کی تقسیم، کمیونٹی افطار ڈنرز اور فطرانہ کی تقسیم کا اہتمام کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اس سال,372 108 مستحق خاندانوں میں رمضان فوڈ پیکجز تقسیم کیے گئے،110,660افراد کمیونٹی افطار ڈنرز سے مستفید ہوئے جبکہ42,979افراد میں فطرانے کی رقم تقسیم کی گئی ۔ اس طرح مجموعی طورپر ڈھائی لاکھ سے زائد مستحق خاندان مستفید ہوئے۔الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے ہر سال کی طرح اس رمضان المبارک میں بھی ملک بھرکے غریب اور مستحق افر اد کے لیے رمضان فوڈ پیکجز کی تقسیم کا اہتمام کیا جس کا مقصد مستحق طبقے کو بھی اپنے ساتھ رمضان اور عید کی خوشیوں میں شریک کرنا تھا۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے سماجی خدمات پروگرام کے تحت رمضان المبارک میں راشن، عیدالفطرپر تحائف،عید قرباں کے موقع پر ضرورت مندوں میں گوشت کی تقسیم،موسم سرما میں لحاف،کمبل اور گرم کپڑوں کی تقسیم یا جیلوں میں قیدیوں کی فلاح کا کام سرانجام دیا جارہا ہے جس سے اب تک کروڑوں افراد مستفید ہوچکے ہیں۔ صرف سال 2016ء میں اس پروگرام کے تحت ملک بھر کے 760,000افراد مستفید ہوئے۔الخدمت فاؤنڈیشن سالہا سال سے معاشرے کے پسے ہوئے اور غریب و نادار طبقے کی بلاتفریق رنگ و نسل اور مذہب خدمت میں مصروف ہے۔