انصاف کا راستہ روکا گیا تو کارکنوں کو باہر نکلنے کی کال دوں گا‘ عمران خان

109

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شریف مافیا نے انصاف کا راستہ روکا تو کارکنوں کو باہر نکلنے کی کال دوں گا، حکومت خوفزدہ ہے ، نواز شریف کرپشن کو چھپانے کے لیے جمہوریت کو بطور ڈھال استعمال کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب اور ٹوئیٹر کے ذریعے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ جے آئی ٹی نے وہ کام کیا کہ جو ہم کبھی تصور بھی نہیں کرسکتے تھے اور مجھے خود بھی اس کام کی امید نہیں تھی چند دنوں بعد یا تو خوشیاں منانے کے لیے دعوت دوں گا یا پھر انصاف کا راستہ روکنے پر انصاف قائم کرنے کے لیے دعوت دوں گا کارکنوں کو نظر آرہا ہے کہ تبدیلی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقابلہ پاکستان کے سیاسی مافیا کے خلاف تھا ،جے آئی ٹی 60 دنوں میں وہ ثبوت سامنے لائی جس میں کوئی شک نہیں رہا جبکہ پاناما لیکس کیس میں ن لیگ نے عدالت کے سامنے جھوٹ بولا لیکن اب اس کو سازش کہہ رہی ہے۔عمران خان نے کہا کہ ن لیگ اس کو سازش اس لیے کہہ رہی ہے کیونکہ کہ 30سال سے جو بھی ان پر مقدمہ آیا انہوں نے سنبھال لیا، کسی کو پیسے کھلادیے تو کسی کو ڈرایا اور رشوت دی۔ انہوں نے ججز کو پیسے کھلائے اور عدالت عظمیٰ پر ڈنڈوں سے حملہ کرایا جب بھی شریف خاندان کے خلاف کچھ بھی ہو یا انہیں انصاف کے نیچے لانے کی کوشش کریں یہ اس کو سازش کہتے ہیں۔ شریف خاندان اپنے ذاتی مفاد کو بچانے کے لیے پاکستان کو تباہ کررہا ہے۔عمران خان نے کہا کہ ملک بمباری سے نہیں بلکہ ادارے تباہ کرنے سے تباہ ہوتا ہے، یہ ملک کے غدار ہیں، ان سے بڑی غداری کسی نے نہیں کی، یہ پیسے چوری کرکے ملک سے باہر لے کر جارہے ہیں جبکہ جے آئی ٹی نے وہ کام کیا کہ جو ہم کبھی تصور بھی نہیں کرسکتے تھے اس کام کی مجھے بھی امید نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جواب دینے کے بجائے کہہ رہے ہیں کہ جمہویت کے خلاف سازش ہورہی ہے جبکہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ یہودی اور بھارتی ان کے خلاف سازش کررہے ہیں۔ نواز شریف کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، میں وعدہ کرتا ہوں کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنی عوام نہیں نکلی جتنی اب انہیں ملک سے نکالنے کے لیے سڑکوں پر نکلے گی۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو پاکستان میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی اور اب یہ جدہ نہیں بلکہ اڈیالا جیل جائیں گے جبکہ اب انہیں نہ نریندر مودی اور ڈونلڈ ٹرمپ سمیت کوئی بھی ملک نہیں بچا سکتا۔اس قبل ٹویٹ میں پاکستان عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت تحریک انصاف سے خوفزدہ ہے اور اسی خوف کے باعث پارٹی فنکشن کو پولیس کے ذریعے رکوایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا فاشزم ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا جبکہ نوازشریف کرپشن چھپانے کے لیے جمہوریت کو بطور ڈھال استعمال کر رہے ہیں۔