بینک الفلاح لمیٹڈ بورڈ کے چیئرمین شیخ نہیان مبارک النہیان کا دورہ پاکستان

101

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بینک الفلاح لمیٹڈ کے بورڈ کے چیئرمین شیخ نہیان مبارک النہیان نے پاکستان کا دورہ کیا اور بینک الفلاح کی انتظامیہ اور ملازمین سے ملاقات کی۔ بینک کے صدر دفتر کراچی میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں بینک کے سبکدوش ہونے والے صدر اور سی ای او عاطف باجوہ کو الوداع کہنے کے ساتھ ان کے جانشین نعمان انصاری کا خیرمقدم کیا گیا۔ اپنے دورے کے دودران شیخ نہیان جو متحدہ عرب امارات کے وزیر ثقافت، امور نوجوانان اور سماجی ترقی بھی ہیں نے سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے حال ہی ہی میں مقرر کیے گئے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان طارق باجوہ سے بھی ملاقات کی اور اس عہدے پر تعیناتی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان کی معاشی ترقی میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے فعال کردار پر اعتماد کا اظہار کیا۔اپنے دورے کے اختتام پر ابوظہبی روانگی سے قبل شیخ نہیان نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر بینک الفلاح کے پریمیئر لائونج کا افتتاح کیا جہاں مسافروں اور کلائنٹس کو وی آئی پی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اپنے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شیخ نہیان مبارک النہیان نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات پائیدار تجارتی، ثقافتی روابط کے ساتھ تاریخی اور مضبوط تعلق میں بندھے ہوئے ہیں۔دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں کی گئی سرمایہ کاری سے مزید فروغ حاصل ہوا ہے جس میں بینکاری کے شعبے میں کی جانے والی سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔ مجھے امید ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کا تسلسل نہ صرف جاری رہے گا بلکہ ان میں مزید بہتری بھی آتی رہے گی۔