جے آئی ٹی رپورٹ مضحکہ خیز ہے‘ عدالت سے سرخرو ہونگے‘ خواجہ آصف

99

سیالکوٹ(صباح نیوز) وزیردفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے اپنے مفادات کی جنگ لڑرہی ہیں کوئی وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کررہا ہے اور کوئی انتخابات کے خواب دیکھ رہا ہے، جے آئی ٹی رپورٹ مضحکہ خیز ہے جس پر قوم بھی غصے میں ہے رپورٹ کو آج عدالت عظمیٰمیں چیلنج کیا جائے گا، ہم عدالت سے سرخرو ہوں گے جبکہ دھرنے دینے والوں کو پہلے کی طرح اب بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا ،یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ڈھائی سال قبل اسپیکر قومی اسمبلی کو استعفا دیا تھااور بعد میںاستعفادینے والے گھٹنوں کے بل معافیاں مانگتے ہوئے اسمبلیوں میں واپس آئے، اب وہی معافیاں مانگنے والے وزیراعظم سے استعفا مانگ رہے ہیں وہ پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اورعدالتوں کا سامنا کرکے اپنے کیسز نمٹائیں۔ قوم نوازشریف کی خدمات کا اعتراف کررہی ہے اوردنیا بھی ملکی ترقی کی معترف ہے، وزیراعظم نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اوراب معاشی قوت بنائیں گے ، 1999ء میںپاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی پاداش میں عالمی سازش کے تحت نوازشریف کی حکومت کو ختم کیا گیا لیکن2بار غیرآئینی طریقے سے ہماری حکومت کو ختم کرنے کے باوجود نوازشریف بھرپور طاقت کے ساتھ ملک کے وزیراعظم بنے۔ بیرونی طاقتیں سی پیک اور گوادر پر بری طرح اثرانداز ہورہی ہیں دشمن پاکستان کو اپنے دبائومیں رکھنا چاہتا ہے،دہشت گردوں کی امداد ایک بین الاقوامی کاروبار بن چکا ہے لیکن پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔ کوئی شخص نوازشریف سے استعفے کا مطالبہ نہیں کرسکتا کیوں کہ نوازشریف کو وزارت عظمیٰ عوام نے اپنے مینڈیٹ کے ذریعے دی ہے اور ہم عوامی مینڈیٹ کا بھر پور دفاع کریں گے ۔