حیدرآباد‘ حیسکو کا نادہندگان کیخلاف آپریشن تیز‘400کنڈے ہٹادیے

153

حیدرآباد (نمائندہ جسارت) حیسکو چیف ایگزیکٹو آفیسر رحم علی اوٹھو کی ہدایات پربجلی چوری کاجڑسے خاتمہ اور نادہندگان سے واجبات کی 100فیصد وصولی کے حدف کو حاصل کرنے کیلیے پورے حیسکو ریجن میں کارروائیاںمزید تیز کردی گئیں ہیں ۔ اس سلسلے میں آپریشن سرکل I-،حیدرآباد کے علاقے گاڑی کھاتہ ، صدر، لطیف آباد، حسین آباد ودیگر میں کارروائیوں کے دوران واجبات کی عدم ادائیگی پر 250 نادہندگان کے بجلی کے کنکشن منقطع ،400 سے زائد غیر قانونی کنڈے ہٹادیے گئے اور تاریں اپنے قبضے میں لے لی گئیں ہیں ۔اس کے علاوہ نادہندہ صارفین سے09لاکھ15ہزار روپے کے واجبات کی وصولی بھی کی گئی ہے ۔واضح رہے کہ اس وقت حیسکو کے ٹوٹل71ارب 01کروڑ 02 لاکھ ر وپے کے واجبات ہیں ۔جس میں وفاقی اداروں پر 01ارب 87کروڑ49لاکھ،صوبائی اداروں پر 29 ارب 29کروڑ46لاکھ روپے کے واجبات ہیں۔جبکہ نجی صارفین پر39ارب 84کروڑ 08لاکھ روپے ہیں ۔ جس کی وصولی کیلیے حیسکو چیف کی ہدایات پر کارروائیاں مزید تیز کی گئی ہیںحیسکو چیف رحم علی اوٹھوکے احکامات ہیں کہ بجلی چوروںاور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کریں ، صارفین کو درست میٹر ریڈنگ کے بل بھیجیں ،صارف کی بجلی سے متعلق تمام شکایات فوری حل کی جائیں ،تمام ڈویژن سب ڈویژن اور گرڈاسٹیشنوں کا اچانک دورہ کروںگا اگر کہیں بھی کوئی غفلت یا کوتاہی نظر آئی تو اس کے خلاف فوری ایکشن عمل میں لایا جائے گا ۔ کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ لہٰذا تمام صارفین اپنے ذمے حیسکو کے واجبات فوری طور پر ادا کریں ۔بصورت و دیگر ان کے خلاف نئے ترمیمی قانون کے تحت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی ۔بجلی کے غیر ضروری چراغاں سے گریز کریں۔ انتہائی کھپت کے اوقات میں بجلی کا کم استعمال کریں تا کہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔