راجرفیڈرر سب سے زیادہ ومبلڈن ٹائٹل جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

163

ومبلڈن(جسارت نیوز)ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مردوں کے فائنل میچ میں سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے کروشیا کے مارین چلچ کو شکست دے کر تاریخی فتح اپنے نام کی۔7مرتبہ کے ومبلڈن چیمپیئن راجر فیڈر ومبلڈن کے سینٹر کورٹ میں مارین چلچ کو شکست دے کر نہ صرف8ویں مرتبہ ٹائٹل حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے بلکہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی بھی بن گئے۔پہلے سیٹ میں فیڈرر نے چلچ پر چھ ایک کے مقابلے میں6-3 سے برتری حاصل کی۔دوسرا سیٹ بھی فیڈرر نے 6-1 سے جیت لیا۔دوسرے سیٹ میں چلچ اس وقت روتے دکھائی دیے جب وہ سلپ ہو گئے اور میڈیکل ٹیم کو میدان میں آنا پڑا۔تیسرے سیٹ میں چلچ نے کچھ بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن پھر بھی فیڈرر 6-4 سے یہ سیٹ جیت گئے۔کروشیا کے مارین چلچ نے پہلی مرتبہ ومبلڈن کے فائنل تک رسائی حاصل کی ۔35 سالہ راجر فیڈرر نے ٹامس برڈک کو 6-7، 4-7، 6-7، 4-7، اور 4-6 کے فرق سے شکست دے کر 11 ویں مرتبہ ومبلڈن کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔میچ جیتنے کے بعد فیڈرر کا کہنا تھا ‘ایک اور فائنل کھیلنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔’راجر فیڈرر نے کہا کہ’مجھے معلوم نہیں تھا کہ ہر مرتبہ جب یہاں آؤں گا تو بہترین ہو گا، یہاں آ کر خود کو بہت اچھا محسوس کیا اور اب ٹرافی اٹھا رکھی ہے، ایک بھی سیٹ نہ ہارنا ایک سحر کی طرح ہے، مجھے ابھی تک اس کا یقین نہیں آیا اور یہ واقعی توقع سے بہت زیادہ ہے۔’پہلے سیمی فائنل میں کروشیا کے مارین چلچ نے امریکا کے سیم کیوری کو شکست دی تھی۔